حکومت کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے تحفظات دور کرنے کے اقدامات کی یقین دہانی کو سراہتے ہیں۔ ایس ایم منیر

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے سرپرست اعلیٰ ایس ایم منیر اور صدر شیخ عمر ریحان نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بزنس کمیونٹی کے تحفظات دور کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو سراہتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے کاٹی کے سابق سینئر نائب صدر سلمان اسلم کی جانب سے ایس ایم منیر کے اعزاز میں دیے گئے طہرانے میں تاجر و صنعتکاروں سے اظہار خیال کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر خالد تواب، زبیر چھایا، دانش خان، زبیر طفیل ، فرحان الرحمٰن، زاہد سعید، حنیف گوہر، اکرام راجپوت، سید واجد حسین، مظہر اے ناصر، نور خان، ڈی سی کورنگی شہریار گل میمن اور دیگر بھی موجود تھے۔ ایس ایم منیر نے کہا کہ ملکی معیشت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے تاجر و صنعتکار برادری کے تحفظات کو دور کرنے کی ضرورت تھی، اس سلسلے میں حکومتی رابطوں سے بہتری کی امید پیدا ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی معاشی ٹیم اور تاجر و صنعت کار برادری کے نمائندگان کے مابین وسیع پیمانے پر مشاورت کے ساتھ حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ خطے کی صورت حال کے پیش نظر ملکی سلامتی کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ہمیں اپنے معاشی استحکام کو اولین ترجیح دینا ہوگی۔ صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہا کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے صنعتوں کے لیے بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت ایک بہت بڑا چیلنج ہے اور اسی کی وجہ سے ہماری برآمدات بھی براہ راست متاثر ہورہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں صنعتیں بجلی اور گیس کے نرخوں میں اضافے کی متحمل نہیں ہوسکتیں، معاشی توازن کو برقرار رکھنے کے صنعتوں کو کم نرخوں پر توانائی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ شیخ عمر ریحان نے کہا کہ صنعتی انفرااسٹرکچر میں بہتری کے لیے صوبائی و وفاقی حکومتوں کو مل کر جامع منصوبہ بندی کرنی چاہئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں