• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ہمیں اپوزیشن بھی وہ ملی جو صرف بیان بازی اور پروپیگنڈے کی ماہر ہے: عثمان بزدار

Jan 27, 2022

لاہور (نمائندہ خصوصی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا کہ اپوزیشن استعفے دینے کی ہمت رکھتی ہے نہ ہی ان میں لانگ مارچ کی ہمت ہے ، اپوزیشن جماعتوں نے منفی سیاست کر کے قومی یکجہتی کو نقصان پہنچایا، ہمیں اپوزیشن بھی وہ ملی جو صرف بیان بازی اور پراپیگنڈا کرنے کی ماہر ہے، ہر معاملے پر پوائنٹ سکورنگ ان کاشیوہ ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام استعفے اورلانگ مارچ کی باتیں سن کر لوگ تنگ آچکے ہیں، عوام کے مستردشدہ عناصرکے ہاتھ پہلے کچھ آیا ہے نہ آئندہ آئے گا۔آزمائش کی گھڑی میں ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے والے عناصر بے نقاب ہو چکے ہیں، اپوزیشن نے پہلے کورونا پر سیاست چمکائی پھرڈینگی پر، اپوزیشن کا منفی کردار تاریخ کا حصہ بن چکا ہے۔

سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں حکومت نے کورونا سے نمٹنے کیلئے بروقت اور دور اندیش فیصلے کئے ہیں، حکومت کی کامیاب حکمت عملی کے باعث دیگر ممالک کی نسبت پاکستان میں کورونا کا پھیلاؤ کم ہوا، وزیراعظم کی انسداد کورونا کے موثر پالیسی اور اقدامات کو عالمی سطح پر سراہا گیا ۔