• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی ایس ایل،غیر متاثرکن میچ میں ملتان سلطانز کا فاتحانہ آغاز، 7 وکٹوں سے کامیابی، مین آف دی میچ کا ایوارڈ عمران طاہر کو دیا گیا

Jan 28, 2022

(غلام مصطفے عزیز)ساتویں پی ایس ایل کے غیرمتاثرکن میچ میں دفاعی چیمپیئن ملتان سلطانز نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سے شکست دیکر فاتحانہ آغاز کیا۔ 2021 میں آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی پلیئر آف دی ائیر کا ایوارڈ حاصل کرنے والے محمد رضوان اور عمران طاہر نے اپنی ٹیم کی جیت میں نمایاں کردار ادا کیا، مین آف دی میچ کا ایوارڈ عمران طاہر کو دیا گیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے افتتاحی میچ میں محمد رضوان نے 47 گیندوں پر ناقابل شکست 52 رنز کی اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔جبکہ عمران طاہر نے 3 اہم وکٹیں حاصل کر کے کراچی کنگزکی بیٹنگ کی کمر توڑدی۔محمدرضوان جو اپنے کھیل کی بلندیوں پر ہیں، محمد نبی کی گیند پر ایک چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ ملتان سلطانز نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا جبکہ میچ کی 10 گیندیں باقی تھیں۔ تاہم تماشائیوں کے نقطہ نظر سے ٹورنامنٹ کا ابتدائی میچ زیادہ چوکوں اور چھکوں اور ڈرامائیات سے محروم رہا۔ ملتان سلطانز کی طرف سے صہیب مقصود نے بھی جارحانہ بیٹنگ کی اور 31 گیندوں پر 30 رنز بنائے جس میں 2 چھکے شامل تھے۔ ٹم ڈیوڈ 12 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جس میں ایک چھکا بھی شامل تھا۔محمد نبی کراچی کنگز کے سب سے کامیاب بولر تھے جنہوں نے کفیاتی آف اسپنگ بالنگ کرتے ہوئے 17 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ محمد الیاس نے اپنے اکلوتے اوور میں 2 رنز دیکر شان مسعود کی وکٹ حاصل کی جنہوں نے 18 گیندوں پر 26 رنز بنائے جس میں 2 چوکے اور ایک چھکا بھی شامل تھا۔ اس سے قبل 2020 کی چیمپیئن اور مقبول ٹیم کراچی کنگز کو ملتان سلطانز نے پہلے بیٹنگ کے لئے کہا تاہم بابراعظم ، شرجیل خان، لیوس گریگری ،جوکلارک، محمد نبی جیسے طاقتور بیٹرز کی موجودگی کے باوجود کراچی کنگز 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر محض124 رنز بناسکی۔ میچ کے دوران صرف 6 چوکے اور 3 چھکے لگے۔مشہورپاور ہیٹر شرجیل خان نے اپنی بیٹنگ کے جوہر کی معمولی جھلک دیکھائی اور 31 گیندوں پر 3 چھکوں اور اتنے ہی چوکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔ 2021 میں کھیل کی بلندیوں پر رہنے والے پاکستان ٹیم کے کپتان بابراعظم نے تماشائیوں کو مایوس کیا اور 29 گیندوں پر صرف 23 رنز بناسکے جس میں صرف ایک چوکا شامل تھا۔ جوکلارک نے محتاط 26 رنز بنائے ۔ سائوتھ افریقہ کے سابق ویٹرن لیگ اسپنر عمران طاہر نے اپنی گھومتی بولنگ کا جادو جگایا اور 16 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کرکے کراچی کنگز کی بیٹنگ کا بٹہ بیٹھا دیا۔قبل ازیں پی ایس ایل سیون کا آغازایک رنگارنگ لیکن ایک غیر متاثرکن تقریب سے ہوا۔ پاکستان کے صف اول کے گائیک عاطف اسلم اور آئمہ بیگ نے پی ایس ایل کے گانے کی لب کشائی کی جس کے بعد آتش بازی کا ایک مظاہرہ پیش کیا گیا۔ لیکن جس وقت افتتاحی تقریب ہورہی تھی صرف دو سے ڈھائی ہزار تماشائی گرائونڈ میں پہنچ سکے تھے کیونکہ ٹرانسپورٹ کے خراب انتظامات کے باعث شٹل سروس انتہائی سست روی کا شکار رہی جس کی وجہ سے کرکٹ کے شائق کافی وقت کے بعد گرائونڈ میں داخل ہوسکے اور افتتاحی تقریب دیکھنے سے محروم رہے۔ اس سے قبل ایک بیرونے ملک کمپنی کے پیراگلائیڈرز ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کے درمیان کھیلے جانے والے میچ کے لئے گیندیں لیکر نیشنل اسٹیڈیم کے باہر ہیلی پیڈ پر اترے۔