• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پاکستان اوپن گولف چیمپیئن شپ : دفاعی چیمپئن شبیر اقبال نے تیسرے دن کی بازی اپنے نام کر لی

Jan 30, 2022

کراچی۔29جنوری (غلام مصطفے عزیز ):48ویں پاکستان اوپن گولف چیمپئن شپ کا تیسرا رائونڈ کراچی گولف کلب میں ہفتہ کے دن کھیلا گیا۔ پروفیشنلز اور ایمیچئرز کی مشترکہ کیٹگری میں اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے دفاعی چیمپئن شبیر اقبال نے شاندار کارکردگی پیش کی۔ شبیر اپنی برتری کو بڑھاتے ہوئے 13 انڈر پار کے ساتھ لیڈر بورڈ پر پہلی پوزیشن پر پہنچ گئے ہیں۔شبیر کا تعاقب پی اے ایف اسکائی کلب کے احمد بیگ کر رہے ہیں جن کا تین دن کا مجموعی اسکور 7 انڈر پار ہے۔ لاہور گیریزن کے مطلوب احمد چھ انڈر پار کے ساتھ تیسری پوزیشن پر ہیں۔جبکہ پہلے دو روز شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے سرِ فہرست رہنے والے کراچی کے وحید بلوچ تین درجے تنزلی کا شکا رہوئے۔ اب وحید چار ائونڈر پار کے ساتھ چوتھی پوزیشن پر ہیں۔ سینئر پروفیشنل کیٹگری میں راولپنڈی کے عرفان محمود 2 اوور پار کے ساتھ سب سے آگے ہیں۔ پشاور کے نصیر خان اور لاہور کے محمد اکرم تین اوور پار کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسری پوزیشن پر ہیں ۔ جونیئر پروفیشنل کیٹیگری میں لاہور گیریزن کے محمد ثاقب تین اوور پار کے ساتھ سب سے نمایاں ہیں جبکہ ایئر مین گولف کلب کے نبیل خان چھ اوور پار کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ کراچی گالف کلب سے تعلق رکھنے والے ایمیچئر عمر خالد پروفیشنلز کے درمیان مقابلہ کرتے ہوئے پانچ اوور پار کے ساتھ 29ویں پوزیشن پر ہیں۔ خالد کے بعد اگلے ایمیچئر لاہور کے سلمان جہانگیر دس اوور پار کر سکے ہیں۔ کراچی گولف کلب کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کموڈور غصنفر عباس کا کہنا ہے کہ کے جی سی کا سر سبز گولف کورس بہترین حالت میں ہے جہاں پاکستان کے اعلی ترین گولفرز زبردست انداز میں اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ کراچی کے خوشگوار موسم نے کھیل کو اور دلچسپ بنا دیا ہے۔ تمام اٹھارہ ہولز کی فیلڈ سرسبز ہونے کی وجہ سے کھیل کے لئے موزوں ہے۔ پاکستان گولف ایسوسی ایشن کے کیلینڈر پر اہم ترین پاکستان اوپن گولف چیمپئن شپ کی مجموعی انعامی رقم دس ملین روپے ہے۔ اس کے علاوہ سب سے پہلا ہول اِن ون کرنے والے خوش نصیب گولفر کے لیے دبئی کا ٹکٹ بطور انعام رکھا گیا ہے۔