کراچی (نمائندہ خصوصی)لاہور قلندرز نے کراچی کنگز کو چھ وکٹوں سے شکست دیدی۔
لاہور قلندرز نے 171 رنز کا ہدف آخری اوور میں چھ وکٹوں کےنقصان پر پورا کرلیا۔لاہورقلندرز کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور اوپننگ بلے باز عبداللہ شفیق صرف آٹھ رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔ابتدائی وکٹ جلدی گرنے کے بعد باقی کھلاڑی بھی وقفے وقفے سے آؤٹ ہوتے رہے تاہم فخر زمان نے میچ کو دلچسپ بنائے رکھا انہوں نے جم کر کراچی کنگز کے باؤلرز کی پٹائی کی۔فخر زمان نے اپنی شاندار سینچری 56 گیندوں پر مکمل کی جس میں 12چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔فخر زمان 60 گیندوں پر 106 رنز بناکر آؤٹ ہوئے ۔دیگر بلے بازوں میں محمد حفیظ24، کامران غلام چھ رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔سمت پٹیل 26 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف نے دو جبکہ محمد نبی اور عماد وسیم نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو جیت کے لیے171 رنز کا ہدف دیا ہے۔کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر170 رنز بنائے۔ کراچی کے دونوں اوپننگ بلے بازوں نے اپنی ٹیم کو بہترین آغاز فراہم کیا۔شرجیل خان نے 39 بالوں پر 60 رنز بنائے۔انکی جارحانہ اننگز میں آٹھ چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔کپتان بابر اعظم نے 33 گیندوں پر 41 رنز بنائے انکی اننگز میں پانچ چوکے شامل تھے۔اوپننگ بلے بازوں کے آؤٹ ہونے کے بعد دیگر کوئی بھی بلے باز جم کر نہ کھیل سکا اور کراچی کنگز کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں۔جوئے کلارک 24 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔لاہور قلندرز کی جانب سے حارث رؤف نے تین جبکہ محمد حفیظ، شاہین شاہ آفریدی، زمان خان اور راشد خان نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ لاہور قلندرز نے میچ کا ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے۔لاہور قلندر ز کے کپتان شاہین شاہ آفریدی کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کراچی کو کم سے کم سکور پر محدود کریں اور میچ جیتیں۔اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان 13 میچز کھیلے گئے ہیں جن میں آٹھ میچز میں کراچی کنگز جبکہ پانچ میچز میں لاہور قلندرز نے فتح سمیٹی۔پی ایس ایل سیون میں کراچی کنگز کا یہ تیسرا جبکہ لاہور قلندرز کا دوسرا میچ ہے۔