• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

فخرزمان کی سینچری، لاہورقلندرز 7 وکٹوں سے کامیاب، کنگز کی شکست کی ہٹ ٹرک

Jan 31, 2022

کراچی۔30جنوری (غلام مصطے عزیز)فخرزمان کی شاندار سینچری کی بدولت لاہورقلندرز نے کراچی کنگز کو بآسانی 7 وکٹوں سے کامیابی دلوادی،قلندرز نے مطلوبہ ہدف 4 گیندوں قبل مکمل کرلیا، انہوں نے 4وکٹوں کے نقصان پر 174 رنز بنائے،پلئیر آف دی میچ فخرزمان کو دیا گیا، کنگز کی یکے بعد دیگرے یہ تیسری شکست ہے۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں اتوار کو کھیلے گئے ایچ بی ایل پاکستان سپرلیگ (پی ایس ایل) سیزن 7 کے چھٹے میچ میں فخرزمان نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور گرائونڈ کے چاروں جانب دلکش اسٹروکس کھیلے جس سے تماشائی خوب محظوظ ہوئے۔ انہوں نے60 گیندوں پر 12 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 106 رنز بنا کر لاہورقلندرز کو بآسانی 7 وکٹوں سے کامیابی دلوادی، وہ ایک شاٹ کھیلتے ہوئے عمید آصف کی گیند پر عماد وسیم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔محمد حفیظ نے 21 گیندوں پر4 چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے اور وہ عماد وسیم کی گیند پر بابراعظم کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوئے۔سمت پٹیل نے 18 گیندوں پر4 چوکوں کی مدد سے 26 رنز ناٹ آئوٹ بنائے۔کنگز کے حارث رئوف نے اپنے 4 اوورز میں 33 رنز دیکر 3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ اس سے قبل کراچی کنگز نے لاہورقلندرز کو میچ جیتنے کے لئے 171رنز کا ہدف دیا تھا۔ کنگز نے مقررہ20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 170 رنز بنائے تھے۔ شرجیل خان اور کپتان بابراعظم نے کنگز کو 84 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا تاہم اس سکور پر شرجیل خان 39 گیندوں پر 8 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 60 رنز بناکر محمد حفیظ کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے جس کے بعد محمد نبی بیٹنگ کے لئے آئے اور وہ جلد ہی 14 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 15 رنز بناکر زمان خان کی گیند پر شاہین شاہ آفریدی کے ہاتھوں کیچ ہوگئے۔14.4 اوورز میں بابراعظم 33 گیندوں پر 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز پر راشدخان کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے۔کنگز کے آئوٹ ہونے والے چوتھے بیٹسمین عامریامین تھے جنہوں نے 6 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 6 رنز بنائے۔ تاہم جو کلارک (وکٹ کیپر)18 گیندوں پر2 چوکوں کی مدد 24 رنز بناکرناٹ آئوٹ رہے۔ قلندرز کے بولر حارث رئوف نے اپنے 4 اوورز میں 33 رنز عوض 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔