• Sat. Jun 28th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی ایس ایل 7 ملتان سلطانزکی مسلسل چوتھی جیت میں خوشدل ، ڈیوڈاور روسو کی نمایاں کارکردگی، شاداب خان کی91 رنز کی دلیرانہ کوشش رائیگاں

Feb 2, 2022

کراچی، یکم فروری (غلام مصطفے عزیز)محمد رضوان کی ذہین قیادت میں ملتان سلطانز نے پاکستان سپر لیگ کے چھٹے روز اپنی مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں منگل کو کھیلے گئے میچ میں خوشدل شاہ کی کمال کی بالنگ اورٹم ڈیوڈ اور روسو کی برق رفتا ر ہٹنگ نے ان کی ٹیم کو21 رنزکی فتح سے ہمکنار کیا،،پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ ٹم ڈیوڈ کو دیا گیا۔یونائیٹڈ نے 19.4 اوورز میں197 رنز بنائے۔ لیفٹ آرم اسپنر خوشدل شاہ جنہوں نے گذشتہ روز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف بھی 3 وکٹ کے ساتھ عمدہ بالنگ کا مظاہرہ کیا تھا، میچ کے ہیرو بن کر ابھرے، انہوں نے یونائیٹڈ کے ٹاپ ہٹرز افغانستان کے رحمان اللہ گرباز،فہیم اشرف، اعظم خان اور آصف علی کی قیمتی وکٹ حاصل کر کے ان کی بیٹنگ کی کمر تورڑ کر رکھ دی۔ لیفٹ آرم فاسٹ بالر ڈیوڈولی نے الیکس ہیلز (23) اور پال اسٹرلنگ (19) کی اہم ابتدائی وکٹ حاصل کرکے یونائیٹڈ کی بیٹنگ کو بڑا جھٹکا دیا۔ یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان نے دبائو کے باوجود بڑی دلیرانہ اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کو جیت کے قریب لے آئے تھے تاہم 19 ویں اوور میں وہ رومان رئیس کی گیند پر ولی کے ہاتھوں کیچ آئوٹ ہوگئے۔ شاداب نے 9 فلک شگاف چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے42 گیندوں پر 91 رنز کی ٹاپ کلاس اننگز کھیلی۔ قلندرز کے خوشدل شاہ نے 35 رنزدیکر 4 اور ولی نے 36رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔سنگاپور کے ٹم ڈیوڈ اور جنوبی افریقہ کے رائیلی روسو کی تابڑتوڑ بینٹنگ کی بدولت ملتان سلطان کی ٹیم لیگ کا بہترین اسکور کھڑا کرنے میں کامیاب ہوگئی، پہلے 10 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر محض 78 رنز بنے تھے لیکن اس کے بعد دونوں غیرملکی کھلاڑیوں نے اسلام آباد یونائیٹڈ کی حسن علی، فہیم اشرف،مارچینٹ ڈی لینج پر مشتمل بالنگ کا طاقتور ہٹنگ کے ذریعے جلوس نکال دیا۔ آخری 10 اوورز میں 144 رنز بنے جبکہ آخری 30 گیندوں پر ڈیوڈ اور روسو کی برق رفتار بیٹنگ کی بدولت 93 رنز بنے۔ سلطانز کی اننگز میں چوکوں اور چھکوں کی برسات ہوئی اور مجموعی طور پر 21 چوکے اور 14 چھکے لگے جس کی بدولت ملتان سلطانز کی ٹیم 217-5 کا پہاڑ جیسا اسکور کھڑا کرنے کامیاب ہوئی۔ ٹم ڈیوڈ نے محض 29 گیندوں پر 71 رنز بنائے جس میں آدھی درجن چھکے اور اتنے ہی چوکے شامل تھے۔روسو 67 رنز بناکر ناقابل شکست رہے جس میں انہوں نے 35 گیندوں پر 6 چھکے اور 4 چوکے لگائے۔ڈیوڈ اور وسو نے بے رہمی سے بیٹنگ کرتے ہوئے چوتھے وکٹ کی شراکت میں محض 50 گیندوں پر 110 رنز کا اضافہ کیا جس میں 9 چھکے اور9 چوکے شامل تھے۔ اس سے پہلے شان مسعود نے اپنی شاندار فارم کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 43 رنز بنائے۔ کپتان محمد رضوان 12 اور صہیب مقصود 13رنزبناکررن آئوٹ ہوئے۔حسن علی نے 4 اوورز میں 52 رنز دیکر ایک،مارچینٹ ڈی لینج نے 48 رنز دیکر، محمد وسیم جونئیر نے 49 رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی۔ فہیم اشرف47 رنز دئیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کی۔