• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

فوجی اہلکار نے منگیتر کی شکایت پر دانتوں کا علاج کرنیوالے ڈاکٹر کو قتل کردیا

Feb 4, 2022

بیروت (ویب ڈیسک) لبنان میں ایک حاضر سروس فوجی نے منگیتر کے دانتوں کا علاج کرنے والے ڈاکٹر کو اس کے کلینک میں قتل کر دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق لبنانی فوج کے ایک حاضر سروس سارجنٹ سلیم فہد نے منگیتر کی شکایت پر ڈینٹسٹ کو قتل کر دیا، معلوم ہوا کہ منگیتر نے دانتوں کا درست علاج نہ کرنے کی شکایت کی تھی، جس پر وہ سخت طیش میں آ گیا تھا۔امارات الیوم اخبار کے مطابق یہ واقعہ لبنان کے علاقے ’ابلح الفرزل‘ میں پیش آیا، پولیس کو اطلاع ملی تھی کہ ایک شخص نے دندان ساز کو قتل کر دیا ہے، اور مقتول کی نعش اس کے کلینک میں پڑی ہے۔

اس سلسلے میں ایک سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظر عام پر آئی، جس میں قاتل کو واردات کے بعد سکون کے ساتھ کلینک سے باہر نکلتے دیکھا جا سکتا ہے۔ابتدائی تحقیقات میں قتل کی وجہ یہ سامنے آئی کہ ملزم کی منگیتر اپنے دانتوں کا علاج کرانے کے لیے علی جاسر نامی ڈینٹسٹ کے کلینک گئی تھی، علاج کے بعد اسے کوئی خاص فرق نہیں پڑا جس پر اس نے اپنے منگیتر سے ڈاکٹر کی شکایت کرتے ہوئے اپنی تکلیف کا ذکر کیا۔

منگیتر کی شکایت سارجنٹ سے برداشت نہ ہوئی اور وہ طیش میں آکر ڈاکٹر کے کلینک پہنچا، جہاں بحث کے دوران اس نے ڈاکٹر پر تیز دھار آلے سے حملہ کر دیا۔رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر موقع پر ہی ہلاک ہوگیا تھا جس کی نعش پولیس نے اپنی تحویل میں لے لی، بعد ازاں فوجی کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔