• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پشاورزلمی کے شعیب ملک کی آلرائونڈ کارکردگی کی بدولت کراچی کنگزپی ایس ایل 7 میں چوتھی شکست کی ہزیمت، بابر کی 90رنز کی اننگز ناکام

Feb 5, 2022

کراچی، 4 فروری (غلام مصطفے عزیز)۔پشاورزلمی کے شعیب ملک نے ایک بار پھر اپنی آلرائونڈ کارکردگی کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے کراچی کنگز کی پی ایس ایل سیزن 7 کے گیارہویں میچ میں9 رنز کی چوتھی شکست کے ساتھ ایک اور ہزیمت سے دوچار کیا، پلیئر آف دی میچ شعیب ملک کو دیا گیا۔174رنز کے ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم 6 وکٹوں کے نقصان پر 164 رنز بناسکی۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعہ کو کھیلے گئے کراچی کنگز کے سپورٹرز کی موجودگی میں پہلے 52رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور اس کے بعد شرجیل خان کو اننگزکی پہلی ہی گیند پرصفر پر آئوٹ کرکے ابتداء ہی میں کراچی کنگز کو جھٹکا دیا۔ کپتان بابراعظم نے ناقابل شکست 90 رنز بنائے لیکن ابتداء میں ان کی سست روی ٹیم کو لے ڈوبی، بابر نے 63 گیندوں پر 12 چوکوں اور لیگ میں اپنے پہلے چھکے کی مدد سے یہ رنز بنائے۔بابراعظم نے 17 ڈاٹ گیندیں کھیلیں اور مجموعی طور پر کنگز نے39ڈاٹ گیندیں کھیلیں۔کنگزکی طرف سے شرجیل کے صاحبزادہ یعقوب بھی صفر پر آئوٹ ہوئے اور ایک موقع پر ان کا اسکور 2 وکٹوں کے نقصان پر 3 رنز تھا لیکن اس کے بعد باربراعظم نے ایان کاک بین کے ساتھ ٹیم کو سنبھالادیا اور 50 گیندوں پر تیسری وکٹ کی شراکت میں 74 رنز کا اضافہ کیا۔کاک بین31 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جس میں 5 چوکے بھی شامل تھے۔محمد نبی(10) ، عامر یامین(20) اور عماد وسیم(صفر) پر آئوٹ ہوئے۔زلمی کی جانب سے میڈیم پیسر محمد عمر نے 36 رنز دیکر 3 وکٹیں حاصل کیں۔سدابہار شعیب ملک اور افغانستان سے تعلق رکھنے والے حضرت اللہ زازائی نے دلکش پاور ہٹنگ کا جادوجگایا اور پشاور زلمی کے اسکور کو 173 تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔ زازائی نے ویٹرن اوپنر کامران اکمل کے ساتھ ملکر زلمی کو پاورپلے کے 6 اوورز میں 53 رنز کا اچھا آغاز فرہم کیا۔زازائی جو چھکے مارنے کی وجہ مشہور ہیں، 27 گیندوں پر 2 چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ کامران اکمل اپنی 21 رنز کے دوران محض 2 چوکے لگاسکے۔ شعیب ملک جنہوں نے گذشتہ برس ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا تھا،پی ایس ایل میں اپنی فارم کو برقرار رکھتے ہوئے ناقابل شکست 52 رنز بنائے اور اپنا سکہ جمایا، ان کی 28 گیندوں پر مشتمل اننگز میں 5چوکے اور 2 چھکے لگائے۔اس دوارن بیج میں حیدر علی (16) اور بین کٹنگ (24) رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔شیرفین ردرفورڈ9 رنز پر ناٹ آئوٹ رہے جس میں ایک بھرپور چھکا بھی شامل تھا۔ کنگز کے میڈیم پیسر عمید آصف نے عمدہ بالنگ کی جھلک دکھائی اور 36 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔