• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

اقوام متحدہ کشمیریوں پر جاری بھارتی ظلم وستم کا نوٹس لے۔ بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی ناقابل برداشت ہے۔

Feb 5, 2022

بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے) اقوام متحدہ کشمیریوں پر جاری بھارتی ظلم وستم کا نوٹس لے۔ بھارتی حکمرانوں کی ہٹ دھرمی ناقابل برداشت ہے۔ان خیالات کا اظہار چیف آ فیسر میونسپل کارپوریشن بہاولپور ملک نصراللہ نے یوم یکجہتی کشمیر کے حوالہ سے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ریلی بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں غاصبانہ قبضہ اور ظلم و ستم کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی۔ ریلی سے ڈویژنل صدر اپیکا ملک ریاض، سینئر نائب صدر عبدالمجید عباسی، سیکریٹری اطلاعات انعام الحق، ڈپٹی جنرل سیکریٹری شاہد نے بھی خطاب کیا۔ریلی میں ادارہ کے ملازمین سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات، این اجی اوز، الیکٹر انک و پرنٹ میڈیا کے نمائندگان، طلبا و طالبات سمیت معززین شہر، سرکاری محکمہ جات کے افسران اور ملازمین، طلبا، سول سوسائٹی کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ شرکا ریلی کا جوش بھی دیدنی تھا۔ریلی میں شرکا نے کشمیریوں کے حق میں شدیدنعرہ بازی کی۔ ڈویژنل صدر اپیکاملک ریاض نے اپنے خطاب میں مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے کشمیریوں کے حق میں جو قرارداد منظور کی تھی اس پر عمل درآمد کو یقینی بنائے۔شرکا نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارداد پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا اور مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے غاصبانہ طور پر قبضہ کر رکھا ہے۔ ریلی کے شرکا نے پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے نعرے درج تھے۔ ریلی کے شرکا پاکستان زندہ باد، کشمیر بنے گا پاکستان اور نہتے کشمیریوں پر مظالم بند کرو جیسے نعرے لگاتے رہے۔کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نعروں سے شہر کی فضا گونج اٹھی، مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے اور نہتے کشمیریوں پر بھارت کے انسانیت سوز مظالم کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔انعام الحق نے اس موقع پر کہاکہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے خلاف جبر و استبدار اور بے پناہ مظالم کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہاکہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصدمظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے ظلم کے بارے میں دنیا کو موثر انداز میں آگاہ اور سدباب کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کل بھی ان کے ساتھ کھڑی تھی اور مشکل کی گھڑی میں آج بھی ان کے ساتھ ہے اور آنے والے وقت میں بھی کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گی۔عبدالمجید عباسی نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کا سورج جلد طلوع ہونے والا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پر ہر دور کے حکمرانوں نے موقف پیش کیا لیکن وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے ہر فورم پر پوری دنیا کی امت مسلمہ کی نمائندگی کے ساتھ کشمیریوں کی بھی بھرپور ترجمانی کی جس کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کشمیر کی آزادی کی جنگ ہر فورم پر لڑ رہے ہیں اور انشا اللہ کشمیری جلد آزادی کی نعمت حاصل کریں گے۔ملک نصراللہ نے یہ بھی کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور شہ رگ کو کبھی جدا نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانی کشمیریوں کے سفیر اور ان کی جدوجہد آزادی میں ان کے شانہ بشانہ شریک ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی۔ انہوں نے کشمیری حریت پسندوں کوسلام پیش کیا اور کہا کہ کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ آزادی کے حصول کے لئے لاکھوں کشمیریوں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور آزادی کی یہ جنگ اب فیصلہ کن مراحل میں داخل ہوگئی ہے۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور بے گناہ کشمیریوں پربدترین ظلم وبربریت کی مثال نہیں ملتی۔انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے شہدا کا خون ہم پر قرض ہے جسے چکانے کے لئے اپنے خون کے آخری قطرے تک ان کی اخلاقی،سفارتی امداد جاری رکھی جائے گی۔