بہاول پور(نویداقبال چوہدری سے)ڈپٹی کمشنر بہاول پور عرفان علی کاٹھیا کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا جس میں دربار حضرت چنن پیر تحصیل یزمان میں سالانہ عرس و ثقافتی میلہ کے سلسلہ میں انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر یزمان محمد طیب، زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف غلام عباس، منیجر اوقاف محمد فیاض، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال، ڈی ایچ او ڈاکٹر خالد چنڑ، محکمہ پولیس، ضلع کونسل اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر بہاول پور نے ہدایت کی کہ دربار حضرت چنن پیر پر سالانہ عرس و ثقافتی میلہ کے سلسلہ میں تمام انتظامات بہتر انداز میں مکمل کئے جائیں۔نیز سیکورٹی کے فول پروف انتظامات، صفائی ستھرائی اور پینے کے صاف پانی کی فراہمی کوبھی یقینی بنایا جائے۔ زونل ایڈمنسٹریٹر اوقاف غلام عباس نے اجلاس کو بتایا کہ دربار حضرت چنن پیر یزمان میں زائرین کی سہولت کے لئے اس سال محکمہ اوقاف کی جانب سے 2عدد برآمدہ جات مع واش روم تعمیر کئے گئے ہیں جبکہ زائرین کے لئے ایک عدد کمپلیکس بھی تکمیل کے آخری مراحل میں ہے۔ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال نے بتایا کہ سالانہ عرس دربار حضرت چنن پیر کے موقع پر محکمہ صحت کی جانب سے ہیلتھ کیمپ بھی قائم کیا جائے گا۔