بہاول پور(نمائندہ نیوز ٹائم) ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ و فوکل پرسن ڈاکٹر خالد چنڑ نے کہا ہے کہ17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر محکمہ صحت کی جانب سے شرکائے ریلی اورسیاحوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے گئے ہیں اوراس سلسلہ میں ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور دیگر متعلقہ عملہ کو ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں جو اس دوران اپنے فرائض سرانجام دیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر محمد اقبال مکوال کی ہدایت کے مطابق 17ویں انٹرنیشنل چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر طبی سہولیات کی فراہمی کے لئے بنیادی مراکز صحت ڈیراور، 105ڈی این بی، رورل ہیلتھ سنٹر کھتڑی بنگلہ، رورل ہیلتھ سنٹر ہیڈ راجکاں، تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال یزمان اورتحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال احمد پور شرقیہ24گھنٹے کھلے رہیں گے اور تمام متعلقہ عملہ ڈیوٹی پر موجود ہو گا۔ ڈسٹرکٹ فوکل پرسن نے مزید بتایا کہ چولستان ڈیزرٹ ریلی کے موقع پر کورونا ویکسینیشن کی سہولت فراہم کرنے کے لئے 5میڈیکل کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں۔ اسی طرح دو میڈیکل کیمپ قائم کر کے فعال کر دیئے گئے ہیں۔