ماؤنٹ مانگنوئی (نمائندہ خصوصی) ویمن کرکٹ ورلڈ کپ کے اہم میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہیں جہاں بھارت کے 244 رنز کے جواب میں پاکستانی کڑیوں کی بلے بازی بری طرح ناکام ہوئی ، صرف 98 کے سکور پر 7 بلے باز پویلین لوٹ گئیں ۔
پاکستان کی پہلی وکٹ اوپنر جویریہ خان کی صورت میں گری جو صرف 11 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئیں ۔ 53 کے مجموعی سکور پر ٹاپ آرڈر کپتان بسمہ معروف بھی وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھیں، انہوں نے 15 رنز کئے ۔ صرف پانچ سکور بعد عمائمہ سہیل بھی کیچ آؤٹ ہو گئیں ۔67 کے مجموعی سکور پر اوپنر سدرہ امین بھی وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھیں ، انہوں نے 64 گیندوں پر 30 رنز بنائے ۔ 70 کے مجموعی سکور پر ندا ڈار بھی وکٹ کیپرکو کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئیں ،انہوں نے صرف4 سکور بنائے ۔
87 کے مجموعی سکور پر عالیہ ریاض بھی چلتی بنین ، انہوں نے صرف 11 سکور بنائے اور سٹیمپ آؤٹ ہوئیں جبکہ 98 کے مجموعی سکور پر فاطمہ ثناء بھی ایل بی ڈبلیو ہو گئیں ۔
اس سے قبل بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 244 رنز بنائے ۔ بھارت کی پہلی وکٹ تیسرے اوور کی آخری گیند پر ہی گر گئی جب ڈیانا بیگ نے شفالی ورمہ کو کلین بولڈ کر دیا ۔ اوپنر سمرتی مندھرنا نے ٹاپ آرڈر دیپتی شرما کے ساتھ مل کر 92 رنز کی پارٹنر شپ قائم کی جہاں 96 کے مجموعی سکور پر ٹاپ آرڈر دیپتی شرما نشرح سندھو کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئیں ، دیپتی نے 40 رنز بنائے ۔ صرف دو سکور کے بعد 98 کے مجموعی سکور پر سمرتی مندھرنا بھی چلتی بنیں ، وہ انعم امین کی گیند پر انہیں کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں ، سمرتی نے 52 سکور کئے ۔
مڈل آرڈر ہرمن پریت بھارت کی جانب سے آؤٹ ہونے والی پانچویں بلے باز تھیں ، انہوں نے 5 سکور کئے اور ندا ڈار کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئیں ، چھٹے نمبر پر بلے بازی کیلئے آنے والی ریچا گھوش بھی ندا ڈار کا شکار ہوئیں ، وہ کلین بولڈ ہوئیں ۔ کپتان میتھالی راج کی مزاحمت بھی صرف 9 رنز تک محدود رہیں ، وہ نشرح سندھو کی گیند پر ڈیانا بیگ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں ۔
ساتویں وکٹ کی شراکت میں سنیہ رانا اور پوجا واستراکر نے 122 رنز بنائے اور سکور کو 236 تک پہنچایا ، دونوں کھلاڑیوں نے ففٹیز بنائیں جہاں پوجا 67 سکور بنا کر فاطمہ ثناء کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئیں جبکہ سنیہ رانا 53 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں ۔ پاکستان کی جانب سے ندا ڈار ، نشرح سندھو نے دو ،دو جبکہ ڈیانا بیگ ، انعم امین اور فاطمہ ثناء نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی ۔
ویمن کرکٹ ورلڈ کپ ، بھارت کے 244 رنز کے جواب میں پاکستانی بلے باز بری طرح ناکام ، 98 سکور پر 7 کھلاڑی آؤٹ
