• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کو دوسرے میچ میں بھی شکست ، آسٹریلیا نے 7 وکٹوں سے ہرا دیا

Mar 8, 2022

ماؤنٹ مونگنوئی (نمائندہ خصوصی) ویمن کرکٹ ورلڈ کپ میں اپنے دوسرے میچ میں بھی قومی ٹیم کو بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا ، آسٹریلوی ٹیم نے 191 رنز کا ہدف ہنستے کھیلتے 35ویں اوور میں صرف تین وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔
آسٹریلوی ٹیم نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی ، پاکستانی اوپنر آج بھی بری طرح ناکام رہیں ، تیسرے اوور کی آخری گیند پر اوپنر ناہید خان صرف 9 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئیں ۔ اگلے ہی اوور کی پہلی گیند پر سدرہ امین بھی دو رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہو گئیں ۔ پاکستان کی پہلی دو وکٹیں 11 کے مجموعی سکور پر گر چکی تھیں ۔
38 کے مجموعی سکور پر پاکستان کی تیسری وکٹ عمائمہ سہیل کی صورت میں گری جو کلین بولڈ ہوئیں ، عمائمہ نے 12 رنز کئے ۔ مڈل آرڈر ندا ڈار کی مزاحمت بھی 5 رنز تک محدود رہی ۔ پانچویں وکٹ کی شراکت میں کپتان بسمہ معروف اور عالیہ ریاض نے 99 رنز بنائے جہاں عالیہ ریاض 53 سکور بنا کر آؤٹ ہو گئیں ۔ فاطمہ ثناء نے بھی 14رنزبنائے کیچ آؤٹ ہوئیں ۔کپتان بسمہ معروف نے ذمہ دارنہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 78 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہیں ۔
191 رنز کے ہدف کے تعاقب میں آسٹریلیا نے مثبت اور محتاط بلے بازی کا مظاہرہ کیا ، آسٹریلوی ٹیم کی پہلی وکٹ 60 کے سکور پر گری جہاں ریچل ہائنز 34سکور بنا کر نشرح سندھ کی گیند پر بسمہ معروف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں ، آسٹریلیا کی دوسری وکٹ 123 کے مجموعی سکور پر گری جہاں میگ لیننگ عمائمہ سہیل کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئیں ۔
اوپنر الیزا ہیلے نے 72 رنز بنائے ، وہ عمائمہ سہیل کی گیند پر نشرح سندھو کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئیں ۔ الیزے پیری 26 اوربیتھ مونے 23 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہیں ۔
واضح رہے اس سے قبل قومی ٹیم نے اپنا میچ بھارت کے خلاف کھیلا تھا جہاں قومی ٹیم کو 107 رنز کی شکست ملی ۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹوں کےنقصان پر 244 رنز بنائے تھے ۔ قومی ٹیم 43 اوورز میں صرف 137 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی ۔