• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سپریم کورٹ کا سردار ایاز صادق کی عمران خان کے خلاف درخواست پر کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کا عندیہ

Mar 10, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپریم کورٹ نے این اے 122 میں دوبارہ الیکشن کے خلاف سردار ایاز صادق کی اپیل پر سماعت کی ، عدالت نے عمران خان کے خلاف درخواست پر کیس جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کا عندیہ دیدیا۔
نجی ٹی وی ہم نیوز کے مطابق چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے دوران سماعت استفسار کیا کہ 2013وا لی اسمبلی کا دورانیہ تو ختم ہو چکا ہے۔ سردار ایاز صادق کے وکیل نے کہا کہ ایاز صادق کو جرمانہ ہوا تھا جس کیخلاف اپیل کی گئی ہے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ عمران خان کا موقف سن کر ہی فیصلہ کرینگے،جلد ہی کیس سماعت کیلئے مقرر ہو جائے گا۔
سردار ایاز صادق نے کہا کہ دھاندلی کے الزامات سے میری کردار کشی کی گئی ،مجھے جھوٹا کہا گیا ،بطور سپیکر مجھے بہت زیادہ باتیں سننا پڑیں،میرے بارے میں دھاندلی کرنے کا تاثر بنایا گیا۔ جسٹس عمر عطا بندیا ل نے استفسار کیا کہ کیا اس کے بعد آپ الیکشن ہار گئے؟۔ سردار ایاز صادق نے کہا کہ نہیں میں اس کے بعد بھی الیکشن جیتتا رہا کبھی الیکشن نہیں ہارا۔ چیف جسٹس نے ایاز صادق سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ آپ بہت حساس ہیں۔
جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ ہتک عزت کا قانون بڑا واضح ہے، اگر آپکی کردار کشی ہوئی تو ہتک عزت کا دعوی دائر کردیں۔ چیف جسٹس نےریمارکس دیے کہ یہ ایک سیاسی معاملہ ہے،آپکی قانونی کارروائی کبھی ضائع نہیں جاتی،الیکشن ایکٹ 2017 سے بہت بہتری آئی ہے، الیکشن کمیشن نے بھی بہت کام کیا ہے،ہم نے فریقین کو نوٹس جاری کردیئے ہیں جلد اس معاملے کو سنیں گے۔