راولپنڈی (نمائندہ خصوصی) تاریخی دورہ آسٹریلیا کے پہلے ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز کا کھیل ختم ہو گیا جس میں آسٹریلیا نے پہلی اننگز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 449رنز بنا لیے ہیں ۔
آج خراب موسم کے باعث کھیل تاخیر کا شکار ہوا ، پہلے سیشن میں ایک بھی گیند کا کھیل نہ ہو سکا جس کے باعث کھانے کا وقفہ جلد کر دیا گیا۔کھانے کے وقفے کے بعد کھیل شروع کیا گیا ، آسٹریلیا کی ٹیم نے دو کھلاڑی آؤٹ سے چوتھے دن کے کھیل کا آغاز کیا جہاں 311 کے مجموعی سکور پر ٹاپ آرڈر مارنس لیبوشگنے 90 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ، وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر عبداللہ شفیق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ مڈل آرڈر بلے باز ٹریویز ہیڈ صرف 8 رنز ہی بنا پائے اور نعمان علی کی گیند پر وکٹ کیپر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے ۔سٹیو سمتھ 78سکور بنا کر نعمان علی کی گیند پر آوٹ ہوئے۔کیمرون گرین48سکور بنا کر نعمان علی ہی کی گیند پر آوٹ ہوئے۔ایلکس کیرے 19سکور بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر آوٹ ہوئے۔مچل سٹارک اور پیٹ کیومنز پچ پر موجود ہیں۔پاکستان کی جانب سے نعمان علی چار جبکہ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور ساجد خان ایک ،ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہے۔
واضح رہے کہ 24 سال بعد آسٹریلیا کی ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ میچ کھیل رہی ہے ، گزشتہ روز میچ کے دوران مہمان ٹیم کی دو وکٹیں گریں ۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر اور عثمان خواجہ نے تیزی سے رنز بنائے ، آسٹریلوی اوپنرز نے 156 رنز کی شراکت داری قائم کی ، دونوں کھلاڑیوں نے اپنی ففٹیز مکمل کیں ، 156 کے مجموعی سکور پر اوپنر ڈیوڈ وارنر ساجد خان کی گیندپر کلین بولڈ ہو گئے ، ڈیوڈ وارنر نے 68 رنز کئے ۔203 کے سکور پر اوپنر عثمان خواجہ بھی آؤٹ ہو گئے وہ سینچری سے صرف تین رنز کی دوری پر تھے عثمان خواجہ نعمان علی کی گیند پر امام الحق کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔
73ویں اوور کے اختتام پر آسٹریلیا نے دو وکٹوں کے نقصان پر 271رنز بنا لئے تھے جبکہ اسے مزید 205 سکور درکار تھے ۔
اس سے قبل پاکستان نے دوسرے روز تیسرے سیشن کے دوران 4 کھلاڑیوں کے نقصان پر 476 رنز بنا کر اننگز ڈکلیئر کر دی تھی ۔ پاکستان کی جانب سے اوپنر عبداللہ شفیق 44 ، امام الحق 157 ، اظہر علی 185 اور بابر اعظم 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تھے ۔محمد رضوان 29 اور افتخار احمد 13 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے تھے ۔ سکور 476 ہونے پر پاکستان نےاننگز ڈکلیئر کر دی تھی ۔
پہلی اننگز میں آسٹریلیا کی جانب سے 8 باؤلرز کو آزمایا گیا لیکن ناتھن لیون ، کپتان پیٹ کمنز اور مارنس لیبو شگنے ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ۔
راولپنڈی ٹیسٹ ، چوتھے روز کا اختتام ، میچ ڈرا ہونے کے امکانات بڑھ گئے
