نیویارک (نمائندہ خصوصی) امریکی ریاست وسکانسن کے شہر ملواکی کے4بہن بھائیوں نے سب سے زیادہ مشترکہ عمر کا گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کرلیا، گزشتہ سال 8 نومبر، 2021ء تک امریکہ کے 4 عمر رسیدہ بہن بھائیوں کی مجموعی عمر 383 سال، 143 دن بنتی ہے.
ان 4 بہن بھائیوں میں بہن جیرالڈائن بلگر 100 سال کی عمر کے ساتھ سرِ فہرست ہیں، وہ رواں سال اپریل میں 101 سال کی ہو جائیں گی. جبکہ ان کی بہن مارجوری 97 سال کی ہیں. بھائی رابرٹ 93 اور سب سے چھوٹا بھائی رچرڈ 92 سال کا ہے.
گنیز ورلڈ ریکارڈ نے “یو ایس اے ٹو ڈے” کو بتایا کہ “جیرالڈائن اور بہن بھائیوں، مارجوری 97، رابرٹ 93 اور رچرڈ 92 کی مشترکہ عمریں ان کی سالگرہ کے دنوں تک تقریباً 384 سال بنتی ہیں جو کہ ایک ورلڈ ریکارڈ ہے.
ریکارڈ کی تصدیق گزشتہ سال 8 نومبر کو کی گئی، یہ چاروں بہن بھائی اپنے والدین والٹر اور این گوئبل کے ہاں پیدا ہوئے تھے”.اس حوالے سے جیرالڈئن کی بیٹی گینی نے “سی بی ایس 58” کو بتایا کہ “یہ بات قابل ذکر ہے کہ خوش قسمتی سے سب بہن بھائی اپنی عمر کے لحاظ سے کافی صحتمند ہیں “۔
100 سالہ جیرالڈائن نے مذکورہ چینل کو بتایا کہ “جہاں تک طویل عمر پانے کا تعلق ہے، اچھی سبزیاں کھائیں اور بہت زیادہ سلم (پتلے) ہونے کی کوشش نہ کریں”.
جیرالڈائن ریٹائرڈ لوگوں کی ایک کمیونٹی میں رہتی ہیں.انہوں نے گزشتہ پیر کو اپنی اس کامیابی کا جشن منایا.
4 امریکی بہن بھائیوں نے سب سے زیادہ مشترکہ عمر کا عالمی ریکارڈ اپنے نام کرلیا
