• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

پی ٹی آئی کی جانب سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے سے انکار کی خبروں پر مسلم لیگ(ق) بھی بول پڑی

Mar 16, 2022

لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے سے انکار کی خبروں پر مسلم لیگ (ق) کا رد عمل بھی سامنے آگیا ، مونس الٰہی نے کہا کہ اس بیان کی وضاحت خود پرویز خٹک کریں .

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر رد عمل دیتے ہوئے وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کہا کہ پرویز خٹک صاحب سے رابطہ رہتا ہے ، تقریباً ہر دوسرے دن ان سے بات ہوتی ہے ۔ اپنے بیان کی وضاحت خود پرویز خٹک کرینگے ۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نجی ٹی وی دنیا نیوز نے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ وزیر دفاع پرویز خٹک اور مونس الہٰی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں پرویز خٹک نے مونس الٰہی سے کہا کہ 5سیٹوں پر وزیراعلیٰ بنانے کی ڈیمانڈ بلیک میلنگ ہے ۔پی ٹی آئی آپ کو وزیر اعلیٰ نہیں بنا سکتی مسلم لیگ (ن )بناتی ہے تو بن جائیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق پرویز خٹک نے کہا کہ اتحاد متوازن سیاسی اصولوں پر ہی ممکن ہے ، ہر مشکل میں سیاسی بلیک میل کرنا مناسب نہیں ،پرویز خٹک نے طاربق بشیر چیمہ کے بیانات کو توہین آمیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ طارق بشیر چیمہ کی جگہ کوئی اور ہو تا تو پہلے اسمبلی سے استعفیٰ دیتا ۔