• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سب لوگ بھاگ جائیں گے مگر آپ دھر لئے جائیں گے ، شیخ رشیدنےمولانا فضل الرحمان کو نام لے کر کھلا پیغام دیدیا

Mar 16, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر داخلہ شیخ رشید نے مولانا فضل الرحمان کے بیانات پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے کہنا چاہتا ہوں یہ بھاگ جائیں گے ، آپ دھر لئے جائیں گے ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ امن وامان کی صورتحال برقرار رکھنا میرا ذاتی مسئلہ نہیں ، 260 فیملیز پارلیمنٹ لارجز میں مقیم ہیں ، کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ وہ وہاں اپنی ملیشیا لے کر آئے، مولانا فضل الرحمان پر سب سے زیادہ حیرت ہو رہے ہیں ، وہ وحشی جٹ بنے بیٹھے ہیں ، یہ عالم دین ہیں ، لاٹھیوں کی کیا بات کر رہے ہیں ؟، ان کے مدرسے پنجاب میں ہی ہیں اس کے اثرات کیا ہونگے ، یہ ملک کو انارکی کی جانب لے کر جا رہے ہیں ؟۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مولانا سے کہنا چاہتا ہوں کہ ان کی تو پرانی تاریخ ہے یہ بھاگ جائیں گے ، یہ ہاتھ آسمان اور پاؤں زمین پر رکھتے ہیں مگر مولانا صاحب آپ دھر لئے جائیں گے ، آپ پہلی بار پارلیمنٹ سے باہر ہوئے ہیں اور مولا جٹ کا کردار ادا کر رہے ہیں ، جو زبان استعمال کر رہے ہیں اس سے اگر ملک میں خانہ جنگی اور انارکی ہوئی تو قیمت چکانا پڑے گی ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان جیتے یا ہارے فائدہ دونوں صورتوں میں اسی کا ہے ، میں یقین سے کہتا ہوں کہ عمران جیتے گا کیونکہ تین ہفتوں میں اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے ، آج ملک میں کسی شخص کو آٹا چینی کا رونا نہیں ہے سب کی سوئی اپ پر پھنسی ہوئی ہے ، 27 تاریخ کے جلسوں کو پوری طرح سکیورٹی دیں گے ، آپ نے جلسہ کرنا ہے تو ڈی سی اسلام آباد سے میٹنگ کر لیں ۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ سپیکر آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی پر ووٹ ڈالنے سے قبل ہی کینسل کر سکتا ہے ،جیسے آصف زرداری نے کہا کہ لوگ ووٹ ڈالنے آئیں ورنہ ڈی سیٹ ہو جائیں گے ، اسی طرح 63 اے کی خلاف ورزی پر بھی ووٹ کینسل ہوگا ، وہ شخص ووٹ نہیں ڈال سکے گا، نسلی اور اصلی لوگ ساتھ کھڑے ہوتے ہیں اور ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں ، راولپنڈی کے لوگ قبر کی دیوار تک دوستی اور دشمنی نبھاتے ہیں ۔

شیخ رشید نے کہا کہ سپیکر سے پوچھوں گا کہ وہ 28 سے 30 تک کس تاریخ کا انتخاب کرتے ہیں ، آج تحریک داخل ہوئی ہے ، آج کے ساتھ 14 دن اور لگا لیں 29،30 بن رہی ہے ، ہم سب کو سکیورٹی دینگے ، 20 مارچ سے اسلام آباد میں رینجرز ، ایف سی اور پولیس کو خصوصی اختیارات دے رہے ہیں ۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ ہم کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دینگے، لوگوں کی جان و مال کی حفاظت وزارت داخلہ کا کام ہے ، اور ہم اپنا کام کر کے دکھائیں گے چاہے نتیجہ کچھ ہو جائے ، کوئی یہ سمجھتا ہے کہ قانون کو ہاتھ لیکر امن و امان کا مسئلہ پیدا کر ے گا یا دہشتگردی کی فضا قائم کرے گا تو یاد رکھیں کہ یہ دیکھنا صرف حکومت کا نہیں بلکہ اپوزیشن کا بھی کام ہے ۔
شیخ رشید نے کہا کہ آخری بات یہ عرض کرنا چاہتاہوں کہ یہ نہ ہو عدم اعتماد ، ملکی عدم استحکام کی طرف منتقل ہو جائے اور اس کی سزا آپ کو ملے ، ایسا کچھ ہوا تو پھر یاد رکھیں آپ دس سال تک چوکوں میں آذانیں دیتے رہیں گے ،پاکستان کے ادارے ہر قسم کی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پوری صلاحیت رکھتے ہیں ، ہم نے ایک ایک ہزار آدمی طلب کیا ، ضرورت پڑی تو ایک ایک ہزار کا اور اضافہ کر دینگے ، نہ ہم کسی کو چھیڑیں گے اور نہ کوئی قانون کو چھیڑے ، ورنہ چھوڑیں گے نہیں ۔
حکومتی اتحادی جماعتوں سے مذاکرات کے سوال پر شیخ رشید نے کہا کہ میں کسی مذاکراتی ٹیم کا حصہ نہیں ہوں ، ان معاملات کو پرویز خٹک اور اسد عمر ڈیل کر رہے ہیں ، ایم کیو ایم کو بچپن سے جانتا ہوں ، میں کسی سے بات نہیں کر رہا ، صرف اتنا کہوں گا کہ عمران خان کے ساتھ ضرور کھڑے ہوں ، 25 تاریخ سے سیات کھل کر سامنے آجائے گی ، اتحادیوں کا بھی پتہ چل جائے گا کہ وہ کدھر ہیں ،عمران خان کی مقبولیت کا دور شروع ہو گیا ہے ۔