• Tue. Oct 22nd, 2024

News Time HD TV

Ansar Akram

کراچی ٹیسٹ ، آسٹریلیا کے 506 رنز کے جواب میں قومی ٹیم کی تیسری وکٹ بھی گر گئی

Mar 16, 2022

کراچی (نمائندہ خصوصی) کراچی ٹیسٹ کے پانچویں روز کا کھیل جاری ہے جہاں آسٹریلیا کے 506 رنز کے جواب میں قومی ٹیم کی تیسری وکٹ بھی گر چکی ہے ۔

تیسری وکٹ کی شراکت میں اوپنر عبداللہ شفیق اور کپتان بابر اعظم نے 228 رنز بنائے جہاں عبداللہ شفیق 96 رنز بنا کر پیٹ کمنز کی گیند پر سمتھ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ اس سے قبل پہلی اننگز کی طرح دوسری اننگز کی بلے بازی میں بھی قومی ٹیم کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا ،صرف 21 کے مجموعی سکور پر قومی ٹیم کی دو وکٹیں گر چکی تھیں ۔ اوپنر امام الحق صرف ایک رن بنا کر ایل بی ڈبلیوہو گئے ، ٹاپ آرڈر اظہر علی بھی 6 رنز بنا کر چلتے بنے ۔ 110ویں اوور کے اختتام پر قومی ٹیم کا سکور تین وکٹوں کے نقصان پر 254 رنز تھا ، فتح کیلئے مزید 252 رنز درکار تھے ۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں 408 رنز کی برتری حاصل کرنے کے بعد آسٹریلوی ٹیم نے دو کھلاڑیوں کے نقصان پر 97 رنز بنا کر دوسری اننگز بھی ڈکلیئر کر دی ، مہمان ٹیم کی جانب سے میزبانوں کو 506 رنز کا ہدف دیا گیا ہے ۔دوسری اننگز میں آسٹریلوی اوپنر عثمان خواجہ 44 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے ، ساتھی اوپنر ڈیوڈ وارنر 7 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر فواد عالم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے ۔ ٹاپ آرڈر مارنس لیبوشگنے نے 44رنز بنائے ، وہ شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔ ان کے آؤٹ ہوتے ہی آسٹریلیا نے اننگز ڈکلیئر کر دی ۔

اس سے قبل آسٹریلیا کے 556 رنز کے جواب میں قومی ٹیم صرف 148 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی ، کپتان بابر اعظم 36 رنز بنا کر نمایاں رہے ، اوپنر عبداللہ شفیق 13، امام الحق 20، اظہر علی 14، فواد عالم بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے ۔محمد رضوان 6، فہیم اشرف 4، ساجد خان 5 جبکہ حسن علی بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے ۔شاہین شاہ آفریدی نے 19 رنز بنائے ۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا اور پہلی اننگز 9 کھلاڑیوں کے نقصان پر 556 رنز بنا کر ڈکلیئر کر دی ۔ اوپنر ڈیوڈ وارنر نے 36 اور عثمان خواجہ نے 160 رنز بنائے ۔ ٹاپ آرڈر مارنس لیبوشگنے بغیر کوئی رن بنائے رن آؤٹ ہوئے ۔ سٹیون سمتھ 72، ناتھن لیون 38، ٹریویز ہیڈ ، 23، کیمرون گرین 28، الیکس کیری 93،مچل سٹارک 28 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔