• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

امریکی صدر کا چینی ہم منصب سے رابطہ ، بائیڈن کی دھمکی پر شی جن پنگ نے کیا جواب دیا؟ عالمی منظرنامے سے بڑی خبر

Mar 20, 2022

واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک) روس کے یوکرین پر حملے کے بعد پہلی بار چینی اور امریکی صدور کی ویڈیو لنک کے ذریعے دو گھنٹے طویل ملاقات ہوئی جس میں امریکی صدر جوبائیڈن نے اپنے چینی ہم منصب کو روس کا ساتھ دینے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دے ڈالی۔ صدر جوبائیڈن نے صدر شی جن پنگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر چین نے یوکرین پر حملے کے ہنگام روس کا ساتھ دیا تو اسے اس کے نتائج بھگتنا پڑیں گے، امریکہ روس کی طرح چین پر بھی پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔

ڈیلی ڈان کی رپورٹ کے مطابق صدر شی جن پنگ نے اس ویڈیو کال میں یوکرین پر حملہ کرنے پر روس کی مذمت بھی نہیں کی، حتیٰ کہ اس حملے کا الزام بھی روس پر عائد نہیں کیا۔اس کی بجائے چینی صدر نے دبے الفاظ میں روس پر امریکی اور دیگر مغربی ممالک کی طرف سے عائد کی جانے والی پابندیوں کی مخالفت کی اور کہا کہ ”روس پر پابندیاں تادیر برقرار رہیں تو ان سے عالمی معیشت کوناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔ تمام بڑی اقوام کو ایک دوسرے کی عزت کرنی چاہیے اور سرد جنگ کے زمانے والی ذہنیت ترک کرنی چاہیے۔“

صدر شی جن پنگ نے جوبائیڈن سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”فوجی تصادم کسی کے بھی مفاد میں نہیں ہے۔ اس وقت ترجیح یہ ہونی چاہیے کہ امریکہ اور نیٹو ممالک یوکرین کے بحران کی اصل وجہ سمجھنے کے لیے روس کے ساتھ مذاکرات کریں۔اس کے ساتھ ساتھ تمام فریقین کو روس اور یوکرین کے درمیان مذاکرات کی حمایت کرنی چاہیے۔ “

واضح رہے کہ تاحال چین کی طرف سے یوکرین پر روس کے حملے کی مذمت نہیں کی گئی۔ اس کے برعکس چین کی طرف سے ایک طرف روس کے ساتھ تجارتی روابط کے تحفظ کے لیے سفارتی جدوجہد کی جا رہی ہے اور دوسری طرف امریکہ اور دیگر مغربی و یورپی ممالک کو روس پر پابندیاں عائد کرنے سے باز رکھنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔