نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت ریاست اترپردیش میں ایک ریلوے سٹیشن کے ٹوائلٹ میں 20سالہ لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا۔ انڈیا ٹوڈے کے مطابق یہ انسانیت سوز واقعہ 19مارچ کو اترپردیش کے شہر پرتاپ گڑھ کے ریلوے سٹیشن پر پیش آیا۔ ایس ایچ او کوتوالی آر این رائے نے بتایا کہ متاثرہ لڑکی اپنے شوہر کے ہمراہ سٹیشن پر ٹرین کا انتظار کر رہی تھی جب یہ واقعہ پیش آیا۔
ایس ایچ او کے مطابق لڑکی کا شوہر اسے اکیلا چھوڑ کر چائے لینے چلا گیا۔ اس کے جانے کے بعد ’انّا‘ نامی ملزم لڑکی کے پاس آیا اور اسے ایک چابی دی اور کہا کہ یہ سٹیشن کے باہر موجود پارکنگ سٹیڈ میں بنے ٹوائلٹ کی چابی ہے۔ سٹیشن کے اندر والے ٹوائلٹ گندے ہوتے ہیں اور وہ جب چاہے جا کر اس صاف ٹوائلٹ کو استعمال کر سکتی ہے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ اس کے کچھ دیر بعد لڑکی ٹوائلٹ استعمال کرنے چلی گئی جہاں ملزم نے اسے زیادتی کا نشانہ بناڈالا۔ واقعے کے بعد ملزم موقع سے فرار ہو گیا اور لڑکی کا شوہر اسے وہاں سے نکال کر لایا اور پولیس کو اطلاع دی۔ ملزم کی شناخت اور گرفتاری کے لیے پولیس کی ایک ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔