• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

جولین اسانج سے شادی کے بعد ان کی دلہن کی آنکھیں چھلک پڑیں کیونکہ۔۔۔

Mar 25, 2022

لندن(مانیٹرنگ ڈیسک) وکی لیکس کے بانی جولین اسانج گزشتہ روز لندن کی جیل میں ہی اپنی وکیل منگیتر سٹیلا مورس کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہو گئے۔ میل آن لائن کے مطابق 50سالہ جولین اسانج اور سٹیلا مورس نے گزشتہ سال نومبر میں منگنی کی تھی۔ جولین ان دنوں لندن کی بیلمرش جیل میں قید ہیں جہاں گزشتہ روز ملاقات کے لیے دیئے گئے وقت کے دوران انہوں نے سٹیلا مورس کے ساتھ شادی کی۔
رپورٹ کے مطابق جولین اسانج کو تین سال قبل گرفتار کیا گیا تھا اور تب سے وہ ریمانڈ پر اس جیل میں قید ہیں۔ ان کے خلاف امریکہ میں مقدمات درج ہیں اور امریکی حکومت انہیں تحویل میں لے کر امریکہ لیجانے کے لیے تگ و دو کر رہی ہے۔ جولین اور سٹیلا کی رجسٹرار کے ذریعے ہونے والی اس شادی میں صرف 4مہمان شریک ہوئے، ان میں دو گواہ اور دو سکیورٹی گارڈز تھے۔
معروف برطانوی فیشن ڈیزائنر ویویان ویسٹ ووڈ نے جولین اور سٹیلا کے عروسی ملبوسات تیار کیے تھے۔جیل میں جولین اسانج کے ساتھ شادی کے عہدوپیمان کرتے ہوئے سٹیلا مورس آبدیدہ ہو گئیں۔
رپورٹ کے مطابق جولین کے ساتھ شادی کے بعد 35سالہ سٹیلامورس نے جیل کے باہر جولین کے حامی افراد کے ایک اجتماع سے خطاب کیا اور وہیں اپنی شادی کا کیک بھی کاٹا۔اپنے اس خطاب میں سٹیلا کا کہنا تھا کہ ”میرے اور جولین کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے، وہ غیرانسانی ہے۔ جولیان کو ایک ایسے جرم کی سزا دی جا رہی ہے جو اس نے کیا ہی نہیں۔اسے سچ دنیا کے سامنے لانے کی سزا دی جا رہی ہے۔“