• Sun. Jun 29th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سپین میں ایندھن کی بڑھتی قیمتوں کیخلاف ٹرانسپورٹرز کی ہرتال

Mar 29, 2022

بارسلونا (نمائندہ خصوصی)ایندھن کی قیمتوں میں کمی کا مطالبہ کرتے ہوئے سپین کے ٹرک ڈرائیوروں کی ہڑتال جاری ہے، حکومت کی طرف سے تاحال اُن کے مطالبات تسلیم نہیں کیے گئے جبکہ حکومت کی جانب سے دیا گیا ریلیف پیکیج ٹرانسپورٹرز نے مسترد کردیاہے۔سپین کے کئی علاقوں میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی فراہمی نہ ہونے کے باعث اشیاء کی دستیابی میں کمی ہوتی جا رہی ہے جبکہ دوسری طرف کنسٹرکشن کا کام بھی رُکنے کا خطرہ ہے کیونکہ سیمنٹ سریا کی فیکٹریوں کو درکار ضروری بنیادی سامان کی فراہمی بھی تعطل کا شکار ہے۔
ہڑتالیوں کا کہنا ہے کہ حکومت ایندھن کی قیمتوں میں کمی کرے جب کہ حکومت کی طرف سے فی الحال قیمتوں میں کمی کا طریقۂ کار وضح نہیں کیا گیا تاہم دوبارہ مذاکرات کا امکان ہے۔ خوراک سے متعلق سیکٹر کا کہنا ہے کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے اُن کی حالت کورونا وائرس کے زمانے سے بھی زیادہ خراب ہو چکی ہے۔ حکومت کو باقی سیاسی جماعتوں کی طرف سے “جمود” اختیار کرنے پر سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
یہاں یہ بات بھی قابلِ ذکر ہے کہ گزشتہ ایک ہفتے سے حکومت کی طرف سے 20 ہزار سے زیادہ پولیس اہلکار صرف اس لیے متعین کیے گئے ہیں کہ وہ ایسے ٹرک ڈرائیوروں کی حفاظت کریں جو ہڑتال میں حصہ نہیں لینا چاہتے۔