• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

بھارت میں چوروں نے دن دیہاڑے 60فٹ لمبا لوہے کا پل ہی چوری کر لیا

Apr 11, 2022

نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں چوروں نے دن دیہاڑے 60فٹ لمبا لوہے کا پل چوری کر لیا۔ تلنگانہ ٹوڈے کے مطابق یہ واقعہ ریاست بہار کے ضلع روہتاس میں پیش آیا ہے جہاں چور محکمہ آبپاشی کے آفیسرز کا روپ دھار کر آئے اور علاقے کے مقامی لوگوں کی مدد سے پل کو کاٹ کر لے گئے۔ یہ چور اپنے ساتھ گیس کٹر اور کرین لے کر آئے تھے، جس کی مدد سے انہوں نے پل کے ٹکڑے کیے۔
چوروں نے مقامی لوگوں کو بھی اپنا محکمہ آبپاشی کے آفیسرز کی حیثیت سے تعارف کرایا اور انہیں بھی اپنے ساتھ کام پر لگا لیا۔ یہ لوگ تین دن تک پل کو کاٹ کاٹ کر گاڑیوں پر لاد کر لیجاتے رہے۔ حیران کن طور پر چوروں نے محکمہ آبپاشی کے کچھ مقامی افسران کو بھی اس واردات میں چکمہ دیا۔ وہ بھی انہیں اپنے محکمے کے اعلیٰ افسر سمجھ کر پل کاٹنے اور گاڑیوں پر لادنے میں مدد دیتے رہے۔یہ پل 1972ءمیں ضلع کے امیاوار نامی گاﺅں کے قریب ایک نہر پر تعمیر کیا گیا تھا۔ پولیس نے نامعلوم چوروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔