• Sat. Apr 20th, 2024

آخر کار ایلون مسک ٹوئٹر خریدنے میں کامیاب ہوگئے

Apr 26, 2022

نیو یارک (نمائندہ خصوصی) دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے 44 ارب ڈالر میں سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر کو خرید لیا۔ٹوئٹر بورڈ کی جانب سے ایک بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ انہوں نے ٹوئٹر کمپنی 44 ارب ڈالر میں ایلون مسک کو فروخت کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
ٹوئٹر بورڈ کے آزاد رکن بریٹ ٹیلر نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹوئٹر کی فروخت کیلئے ہونے والی ٹرانزیکشن میں بڑا حصہ کیش پر مشتمل ہوگا، ہمارے خیال میں ٹوئٹر کے شیئر ہولڈرز کیلئے یہی بہترین تھا۔
بی بی سی کے مطابق ٹوئٹر بورڈ کی جانب سے ایلون مسک کو فروخت کی منظوری دیے جانے کے بعد شیئر ہولڈرز سے ووٹ کے ذریعے ڈیل کی حتمی منظوری لی جائے گی۔
ٹوئٹر کی فروخت کے حوالے سے جاری ہونے والے بیان میں ایلون مسک نے کہا کہ آزادی اظہار جمہوریت کیلئے بنیادی حیثیت رکھتا ہے، ٹوئٹر ایک ایسا ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے جہاں انسانیت کے مستقبل کی بحث ہوتی ہے، وہ ٹوئٹر کو پہلے سے کہیں زیادہ بہتر بنانا چاہتے ہیں۔
ایلون مسک نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ وہ ٹوئٹر کے فنکشن بڑھائیں گے اور نئے فیچرز متعارف کرائیں گے۔ اس کے علاوہ وہ ٹوئٹر کے لوگارتھم بھی اوپن سورس کردیں گے تاکہ بھروسے میں اضافہ کیا جاسکے اور بوٹس کو ختم کرکے صرف انسانوں کیلئے اس پلیٹ فارم کو دستیاب بنایا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر میں بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے اور وہ کمپنی اور کمیونٹی کے ساتھ مل کر ان صلاحیتوں کو بڑھائیں گے۔