کراچی(غلام مصطفے عزیز) حکومت چائنا کی جانب سے سندھ پولیس کو عطیہ کی جانیوالی موبائلز و دیگر سامان وآلات کی تقسیم کے حوالے سے سینٹرل پولیس آفس کراچی میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں تین رُکنی چائینیز وفد نے نائب قونصلیٹ جنرل چائنا کی سربراہی میں شرکت کی اور حکومت چائنا کی طرف سے سندھ پولیس کے لئے 50 واکی ٹاکی سیٹس، 3 عدد موبائلز، 15 پرنٹرز، 2 کمپیوٹرز، 1 فوٹوکاپی مشین اور ایک عدد مانیٹرنگ آلے کا سیٹ بطورعطیہ کے طور پر دئیے گئے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹی اینڈ ٹی ناصرآفتاب نے چائینیز وفد کا سینٹرل پولیس آفس کراچی میں آمد پر شکریہ ادا کیا اور سندھ پولیس کی استعدادی صلاحیتوں و دیگر انتظامی امورمیں حکومت چائنا کے مضبوط تعلقات اورتعاون کو سراہا۔ تقریب کے شرکاء سے خطاب میں ناصرآفتاب نے کہا کہ عوام کے جان ومال تحفظ اورامن کے استحکام جیسے اقدامات میں سندھ پولیس انتہائی پرعزم اور ہمہ وقت تیار و مستعد ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چائنا کا سندھ پولیس کے ساتھ جاری تعاون اور جملہ امورکو تقویت دینے جیسے اقدامات لائق ستائش و تحسین ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے قوی اُمید ہے کہ حکومت چائنا سندھ پولیس کے ساتھ تعاون کے سلسلے کو ناصرف پائیدار بنائے گی بلکہ لاجسٹکس سپورٹ و دیگر ضروری امور جیسے اقدامات کو بھی مزید بہتر اور مثالی بنائے گی۔ بعداذاں آئی جی سندھ ڈاکٹر سیدکلیم امام کی رہنماء ہدایات کی روشنی میں حکومت چائنا کی جانب سے عطیہ کیئے گئے مذکورہ سامان و آلات میں سے 2 موبائل وینز فارن سیکیورٹی سیل جبکہ بقیہ دیگر سامان و آلات ایس ایس یوکے ڈسپوزل پر دیئے گئے۔