• Fri. Apr 26th, 2024

پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں بھی نیدر لینڈز کو شکست دے دی

Aug 19, 2022

روٹر ڈیم (نمائندہ خصوصی) پاکستان نے دوسرے ون ڈے میں بھی نیدر لینڈز کی کرکٹ ٹیم کو شکست دے دی۔گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کی طرف سے دیا گیا 187 رنز کا ہدف تین وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

نیدر لینڈز کے 187 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز کچھ متاثر کن نہیں تھا اور صرف 11 کے مجموعی سکور پر ہی اس کی دو وکٹیں اڑچکی تھیں۔ دونوں اوپنرز فخر زمان اور امام الحق متاثر کن کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔ بعد ازاں کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان نے ٹیم کو سنبھالا اور سکور کو 11 سے بڑھا کر 99 تک لے گئے تاہم کپتان بابر اعظم 57 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

محمد رضوان کا ساتھ دینے کیلئے آغا سلمان آئے جنہوں نے آخر تک بہترین بلے بازی کی اور دونوں کھلاڑی ناٹ آؤٹ رہتے ہوئے ہدف کو عبور کرنے میں کامیاب ہوگئے۔ محمد رضوان نے 69 جب کہ آغا سلمان نے 50 رنز بنائے۔

اس سے قبل نیدر لینڈز کی ٹیم 44.1 اوورز میں 186 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔ نیدر لینڈ کی جانب باس ڈی لیڈ نے 89 ، ٹام کوپر نے 66 جب کہ لوگن وان بیک نے 13 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان تینوں کھلاڑیوں کے علاوہ میزبان ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔

گرین شرٹس کی جانب سے حارث رؤف اور محمد نواز نے تباہ کن باؤلنگ کی اور تین تین کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ نسیم شاہ نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ محمد وسیم اور شاداب خان کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

خیال رہے کہ ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ 21 اگست کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔