برمنگھم(نمائندہ خصوصی)پاکستانی نژاد جنوبی افریقہ کے کرکٹر عمران طاہر نے کہا ہے کہ پاکستان کو چھوڑ کر جنوبی افریقہ کی جانب سے کرکٹ کھیلنے پر کوئی ندامت نہیں، سابق کوچ باب وولمر اور کپتان انضمام الحق کا مشکور ہوں کہ انہوں نے مجھے موقع دیا، پاکستان میں کھیلی گئی فرسٹ کلاس کرکٹ ہی میری کامیابی کی بنیاد بنی۔
“جیو نیوز “کے مطابق برمنگھم میں بات کرتے ہوئے عمران طاہر نے کہا کہ ’بیٹے کی خواہش تھی کہ وکٹ حاصل کرنے کے بعد رونالڈو کی طرح سیلیبریٹ کیا کروں، جشن کا مخصوص انداز بالکل قدرتی ہے، عبدالقادر، شین وارن اور مشتاق احمد پسندیدہ لیگ سپنرز ہیں، عبدالقادر مرحوم کا ہمیشہ شکرگزار رہوں گا کہ انہوں نے نہایت شفقت اور پیار سے مجھے لیگ سپین کا آرٹ سکھایا، اِس وقت عادل رشید ، شاداب خان، راشد خان اور عثمان قادر جیسے لیگ سپنرز زبردست پرفارم کر رہے ہیں۔‘انہوں نے بتا یا کہ جنوبی افریقہ میں 2سال ایک کمرے میں گزر بسر کیا، مرحوم والدین اور اہلیہ نے مشکل وقت میں بھرپور ساتھ دیا، ریٹائرمنٹ کے بعد کوچنگ کا ارادہ ہے تاکہ جو کچھ سیکھا وہ علم مستقبل کے کرکٹرز کو منتقل کر سکوں۔