• Sat. Jun 28th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ، ریڈ الرٹ جاری

Aug 27, 2022

نوشہرہ (نمائندہ خصوصی)پرونشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے ) نے نوشہرہ کے مقام پر دریائے کابل میں اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ظاہر کرتے ہوئے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی ڈی ایم اے دفتر کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا ہے کہ دریائے کابل میں پانی کی سطح3لاکھ کیوسک تک پہنچنے کا امکان ہے ، پی ڈی ایم کے مطابق پانی کے بڑے ریلے کے باعث اگلے 48گھنٹوں میں دریائے کابل میں انتہائی اونچے درجے کاسیلاب متوقع ہے ۔

پی ڈی ایم اے کے نوٹیفکیشن کے مطابق دریائے سندھ اور کابل کی معاون ندیوں میں بھی اس دوران سیلاب آنے کا خدشہ ہے،جبکہ بلوچستان کے دریاؤں اور ندی نالوں میں آئندہ 24گھنٹوں تک طغیانی کا امکان ہے۔

دوسری جانب سوات میں سیلاب اپنے راستے میں آنے والی ہر شے تنکوں کی طرح بہا لے گیا، سینکڑوں مکان اور درجنوں ہوٹلز تباہ ہو گئے ،سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ سے 15 افراد جاں بحق ہو گئے ۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سوات میں سیلاب سے 130 کلومیٹر کی سڑکیں تباہ ہوگئیں جبکہ 15رابطہ پل مکمل یا جزوی طور پر تباہ ہو گئے،سیلابی ریلے سے 100 سے زائد مکانات اور دیگر عمارتیں تباہ ہوئیں جبکہ 50 کےقریب ہوٹلز تباہ ہو گئے۔

کالام میں دریا کنارے بنے ہوٹل تباہ و برباد ہوگئے، بحرین میں بھی سیلابی ریلا بھی تباہی کے نشان چھوڑ گیا ،سوات میں درجنوں درخت جڑ سے اکھڑ گئے، گلیاں اور سڑکیں دریا کا منظر پیش کرنے لگیں، گاڑیوں کو بھی سیلابی ریلا اپنے ساتھ لے گیا جبکہ سوات کا سب سے بڑا ایوب برج بھی بند ہو گیا،ادھر سوات ایکسپریس وے لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے پلائی کے مقام پر جزوی طور پر بند کر دی گئی، ضلع بھر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔