کراچی(غلام مصطفے عزیز)نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بلوچستان نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد خیبرپختونخوا کو شکست دے دی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان میچ کا فیصلہ سپر اوور پر ہوا۔ نیشنل ٹی ٹونٹی کپ سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں خیبرپختونخوا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ بلوچستان نے اوپنر گلریز صدف اور مڈل آرڈر بیٹسمین اکبر الرحمن کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنائے۔ گلریز صدف نے 58 گیندوں پر 75 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ 49 گیندوں کا سامنا کرنے والے اکبر الرحمن نے 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 70 رنز بنائے۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے ثمین گل نے 29 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں 62 کے مجموعی اسکور پرخیبرپختونخوا کے 3 کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے تاہم اعتزاز حبیب خان کی 49 گیندوں پر 70 رنز کی جارحانہ اننگز خیبرپختونخوا کو میچ میں واپس لے آئی۔ مڈل آرڈر بیٹسمین کی اننگز میں 10 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ اختتامی اوورز میں مہران ابراہیم کے 39 قیمتی رنز کی بدولت خیبرپختونخوا نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بنا کر میچ ٹائی کردیا۔ بلوچستان کے تاج ولی اور ابتسام شیخ نے 2،2 کھلاڑیوں کو آٹ کیا۔ اسکور برابر ہونے کے باعث میچ کا فیصلہ سپر اوور پر کیا گیا۔ سپر اوور میں خیبرپختونخوا کے بلے باز بلوچستان کے میڈیم پیسر خرم شہزاد کی بالنگ کے سامنے بے بس دیکھائی دئیے اور 6 گیندوں پر صرف 6 رنز ہی بناسکے۔ جواب میں بلوچستان نے اوور کی پانچویں گیند پربغیر کسی نقصان کے مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سندھ کی جانب سے جاہدعلی نے ناقابل شکست 70اور عماد عالم نے دھواں دھار 69 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس سے قبل سندھ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ سنٹرل پنجاب نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 166 رنز بنائے۔ محمد اخلاق نے 31 گیندوں پر3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے۔ عثمان صلاح الدین 41 رنز بنا کر سنٹرل پنجاب کی جانب سے دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ سندھ کی جانب سے محمد سمیع، غلام مدثر اور حسان خان نے 1،1 کھلاڑی کو آٹ کیا۔ جواب میں سندھ نے مطلوبہ ہدف 1 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ اوپنرز جاہد علی اور عماد عالم کے درمیان 103 رنز کی شراکت قائم ہوئی۔ جاہد علی 49 گیندوں پر 70 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ عماد عالم نے 38 گیندوں پر 69 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی ۔ دونوں اوپنرز نے میچ میں مشترکہ طور پر 18 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔سنٹرل پنجاب کی جانب سے واحد وکٹ رضا علی ڈار نے حاصل کی۔