کراچی (نمائندہ خصوصی)انگلینڈ اور ویلز کرکٹ بورڈ کی جانب سے متعارف کروائی گئے کرکٹ کے نئے فارمیٹ ”دی ہنڈرڈ“ (The Hundred)کے افتتاحی پروگرام کیلئے کھلاڑیوں کے ڈرافٹ میں محمد عامر کو مہنگے ترین پاکستانی کرکٹرز کے طور پر شامل کیا گیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق انگلینڈ کی جانب سے جاری کر دہ 239 غیر ملکی کھلاڑیوں کی فہرست میں 35 پاکستانی کرکٹر ز بھی شامل ہیں اور اس فہرست میں پاکستانی کرکٹرز میں سب سے زیادہ مہنگے ترین کھلاڑی محمد عامر ہیں اور ان کی ریزور قیمت (Reserve Price)ایک لاکھ پاﺅنڈ رکھی گئی ہے یعنی بولی میں کم سے کم قیمت ایک لاکھ پاﺅنڈ ہو گی ۔
ان کے علاوہ 20 اکتوبر اتوار کے روز ” دی ہنڈرڈ “ کے ڈرافٹ میں کرس گیل ، سٹیو سمتھ اور مچل سٹارک بھی دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں سمیت منتخب کرنے کیلئے دسیتاب ہوں گے ۔ہر ٹیم 12 کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں شامل کرے گی جس میںوہ زیادہ سے زیادہ تین غیر ملکی کھلاڑیوں کو منتخب کر سکتے ہیں جو کہ کنٹریکٹ پلیئرز اور مقامی کھلاڑیوں کو جوائن کریں گے ۔
کھلاڑیوں کی سب سے زیادہ ریزور قیمت ایک لاکھ 25 ہزار پاﺅنڈ رکھی گئی ہے اس فہرست میں میں کرس گیل ،لاستھ ملنگا ، ربادا ، سٹیو سمیتھ ، مچل سٹار اور ڈیوڈ وارنر شامل ہیں ۔پاکستان کے کھلاڑی محمد عامر کی ریزرو قیمت ایک لاکھ پاﺅںڈ رکھی گئی ہے جبکہ بابراعظم ، محمد حفیظ ، اور شاداب خان کی ریزرو قیمت 75 ہزار پاﺅنڈ ہے ۔شاہین آفریدی کی 60 ہزار پاﺅنڈ جبکہ شاہد آفریدی ، فہیم اشرف ، عثمان شنواری ، شعیب ملک ، وہاب ریاض کی بھی ریزرو قیمت 60 ہزار پاﺅنڈ رکھی گئی ہے ۔
دی ہنڈرڈ کے ڈرافٹ میں آصف علی ، محمد عباس اور عماد وسیم بھی جگہ بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں جن کی قیمت 50 ہزار پاﺅنڈ رکھی گئی ہے ، عمر اکمل ، حسن علی ، محمد حسنین ، فخر زمان چالیس ہزار پاﺅنڈ ریزرو قیمت والے کھلاڑیوں کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے ہیں تاہم 18 پاکستانی کھلاڑی ایسے بھی ہیں جنہیں بغیر کسی قیمت کے دی ہنڈرڈ کے ڈرافٹ میں شامل کیا گیا ہے ۔اس فہرست میں افتخار احمد ، کامران اکمل ،سیف بدر ، میر حمزہ ، محمد عرفان ، جنید خان ، عدایل ملک ، شعیب مقصود ، اسامہ میر ، محمد نواز ، محمد رضوان ، اسد شفیق ، یاسر شاہ ، احمد شہزاد ،حار ث سہیل ، سہیل تنویر ، امام الحق اور عامر یامین شامل ہیں ۔