• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

خوشدل شاہ،محمدموسی،نسیم شاہ اور عثمان قادر کے بارےمیں آپ کتنا جانتےہیں

Oct 22, 2019

کے آصف
سپورٹس اینکر اسلام آباد

خوشدل شاہ،محمدموسی،نسیم شاہ اور عثمان قادر کے بارےمیں آپ کتنا جانتےہیں
دورہ آسٹریلیا کےلئے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی قومی اسکواڈ کا حصہ بنالیا گیا۔ نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ اور محمدموسی، لیگ اسپنر عثمان قادر جبکہ بلےباز خوشدل شاہ کو پہلی بار پاکستان کے اسکواڈ میں منتخب کیا گیا ہے۔ ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل ہونے والے خوشدل شاہ طویل عرصے ڈومیسٹک کرکٹ میں ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کارکردگی دکھارہے ہیں۔ خوشدل شاہ نے ڈومیسٹک کرکٹ کے ایک روزہ فارمیٹ لسٹ اے کیرئیر میں 54 میچز میں 47.4 کی اوسط سے 2086 رنز بنارکھے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں خوشدل شاہ نے 33 میچز کھیلے ہیں۔ جس میں انہوں نے 630 رنز اسکور کئے ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں خوشدل شاہ کی اوسط 23.33 جبکہ اسٹرائیک ریٹ 117.31 ہے۔ خوشدل شاہ پاکستان سپرلیگ میں پشاورزلمی ٹیم کی نمائندگی بھی کرچکے ہیں۔
پاکستان کے لیجنڈری لیگ اسپنر مرحوم عبدالقادر کے بیٹے عثمان قادر کی بھی پہلی بار پاکستان ٹیم میں شمولیت ہوئی۔ دورہ آسٹریلیا کےلئے عثمان قادر کا انتخاب ٹوئنٹی سیریز کےلئے کیا گیا۔ عثمان قادر آسٹریلیا کی ڈومیسٹک کرکٹ میں بھی کھیل چکے ہیں۔ عثمان قادر نے اپنے کرکٹ کے کیرئیر میں 23 ٹی ٹوئنٹی میچز میں صرف 21 وکٹیں حاصل کررکھی ہیں۔ عثمان قادر بھی اپنے والد کی طرح لیگ اسپن باؤلنگ کراتے ہیں۔
رواں سال پاکستان سپرلیگ کے چوتھے سیزن میں عمدہ کارکردگی سے نظروں میں آنے والے فاسٹ باؤلر محمدموسی خان کو دورہ آسٹریلیا پر ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی دونوں اسکواڈز میں شامل کیا گیا ہے۔ پی ایس ایل میں موسی خان نے اسلام آباد یونائیٹڈ ٹیم کی نمائندگی کی۔ موسی خان کو تیز رفتار سے باؤلنگ کرنے پر منتخب کیا گیا۔ موسی خان نے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کے 8 میچز میں 12 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ فرسٹ کلاس کیرئیر میں محمد موسی خان نے 7 میچز کھیلے اور 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔
دورہ آسٹریلیا پر ٹیسٹ اسکواڈ میں ایک اور نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کو بھی شامل کیا گیا۔ 16 سالہ نسیم شاہ کو پاکستان فاسٹ باؤلنگ لائن اپ کا مستقبل قرار دیا جارہا ہے۔ نسیم شاہ 16 سال کی عمر میں ہی 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے باؤلنگ کرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ نسیم شاہ نے 5 فرسٹ کلاس میچز میں 17 وکٹیں حاصل کی ہیں۔