لاہور (نمائندہ خصوصی) پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز سابق سپنر ثقلین مشتاق بھی قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد کے حق میں بول پڑے ہیں اور کہا ہے کہ سرفراز احمد کو اس وقت کپتانی سے ہٹانا غلط فیصلہ ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعہ کے روز سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹانے کا اعلان کرتے ہوئے اظہر علی کو ٹیسٹ اور بابراعظم کو ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا جبکہ ون ڈے ٹیم کی قیادت سے متعلق فیصلہ ہونا ابھی باقی ہے تاہم قوی امکان یہی ہے کہ اس فارمیٹ کیلئے بھی سرفراز احمد کی جگہ کسی اور کھلاڑی کو کپتان مقرر کیا جائے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے ثقلین مشتاق نے کہا کہ پی سی بی نے سری لنکا کے ہاتھوں ٹی 20 سیریز میں وائٹ واش کے بعد جلد بازی میں فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی ٹیم کو سری لنکا کے ہاتھوں عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا اور اس وجہ سے سرفراز احمد کو کپتانی سے ہٹا دیا گیا لیکن اگر میں مصباح کی جگہ ہوتا تو سرفراز احمد کو ایک اور سیریز میں ٹیم کی قیادت کا موقع دیتا۔