کراچی(غلام مصطفے عزیز )وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ کراچی کے تجارتی مراکز کے گرد ٹوٹ پھوٹ کا شکار سڑکوں کی مرمت، استرکاری اور بلدیاتی امور کے حوالے سے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کیئے جائیں گے جبکہ مارکیٹوں کے گر سیوریج اور صفائی کے اتنظامات کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو اپنے دفتر میں سندھ تاجر اتحاد کے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ وفد کی قیادت چیئرمین شیخ حبیب کر رہے تھے جبکہ وفد میں وائس چیئرمین عبداللہ شہری، نائب صدور شیخ علی، جمیل اختر، واجد مرزا کے علاوہ میڈیا سیکریٹری منیب ضیا بھی شامل تھے۔ وزیر بلدیات نے کہا کہ وزیراعلی سندھ بھی تاجروں کے مسائل حل کرنے میں خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں ۔ آجکی ملاقات بھی وزیراعلی سندھ کی ہدایت کے مطابق ہو رہی ہے اور انھوں نے تاجروں کے تمام مسائل خصوصا بلدیاتی امور کے حوالے سے درپیش مشکلات و مسائل کو حل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ حکومت تاجروں، صنعتکاروں اور سرمایہ کاروں کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اور ان کے تمام مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکنا کوشش کررہی ہے۔ ملکی معیشت کے استحکام، ترقی اور لوگوں کو روزگاری کی فراہمی میں تاجر و صنعتکار برادری کلیدی کردا ادا کررہی ہے۔ جن کو حکومت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ صوبائی وزیر نے وفد کو بتایا کہ حکومت نان کمرشل مارکیٹوں اور دکانوں کو کمرشل کرکے ریوینیو میں خاطر خواہ اضافہ کرسکتی ہے ۔ وفد نے کہا کہ موٹر سائیکل مارکیٹ سمیت دیگر مارکیٹ کو سڑکوں کو ترقیاتی کاموں کے نام پر ادھیڑ دیا گیا ہے انھیں جلد از جلد تعمیر کیا جائے۔ وفد نے مزید بتایا کہ کراچی میں 25 لاکھ سے زائد موٹر سائیکلیں ہیں لیکن ہیلمٹ اور سائیڈ گلاس کا استعمال مشکل سے 5 فیصد کیا جاتا ہے جس کے باعث بغیر ہیلمٹ و سائیڈ گلاس والی موٹر سائیکل سواروں کا ایکسیڈنٹ جان لیوا ثابت ہوتا ہے۔ وفد نے کہا کہ ناجائیز تجاوزات کے نام پر جو جائز دکانیں یا مارکیٹیں توڑی گئی ہیں انھیں متبادل جگہ فراہم کی جائے۔ وفد نے مزید کہا کہ مزدوروں اور ملازمین و عوام کے لئے سرکاری پبلک ٹرانسپورٹ کا انتظام کیا جائے۔ وزیر بلدیات نے وفد کو اپنی اور حکومت کی جانب سے ہر ممکنا تعاون کا یقین دلایا اور بعض مسائل کے حل کے لیے متعلقہ اداروں کے سربراہان سے بھی بات کی اور اداروں کے سربراہان کو وفد سے ملاقات کے لیے ہدایت بھی کی۔ وزیر بلدیات نے وفد سے کہا کہ وہ مارکیٹ کی تمام دکانداروں کو پابند کریں کہ وہ کچرا سڑکوں یا گرین بیلٹ پر ہرگز نہ پھینکیں بلکہ حکومت کی جانب سے رکھے گئے ڈسٹ بن میں ڈالیں۔ وفد نے صوبائی وزیر کو تاجر برادری کی تمام ایسوسی ایشن/دکانداروں تک وزیر بلدیات کی ہدایت پہنچانے کی یقین دھانی کرائی۔