• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ہاکس بے نیو ٹرک اسٹینڈ کے اندر و اردگرد سے تجاوزات کے خاتمہ کا فیصلہ، متعلقہ ڈائریکٹرز کو فوری اقدامات کی ہدایت

Oct 23, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز)وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے ہدایت کی ہے کہ ہاکس بے نیو ٹرک اسٹینڈ کے اندر و اردگرد سے تجاوزات کا فوری طور پر خاتمہ کیا جائے اور اس سلسلے میں رینجرز اور پولیس کی مدد کی ضرورت پڑتی ہے تو وہ بھی فراہم کی جائے گی۔ یہ ہدایت انہوں نے ڈائریکٹر انکروچمنٹ کے ایم سی بشیر صدیقی کو کراچی گڈز کیرئیرز ایسوسی ایشن کے صدر رانا محمد اسلم کی سربراہی میں ملنے والے ایک وفد سے ملاقات کے موقع پر دیں۔ وفد میں جنرل سیکریٹری غلام محمد آفریدی، جوائنٹ سیکریٹری عرفان اللہ نیازی، فنانس سیکریٹری کلیم رضا اور ممبر شعیب خان کے علاوہ دیگر بھی شامل تھے۔ وزیر بلدیات نے اس موقع پر کہا کہ گڈز ٹرانسپورٹرز ملکی معیشت کے استحکام اور ترسیلات میں اہم کردار ادا کررہے ہیں، حکومت ان کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا چاہتی ہے اور تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنا چاہتی ہے۔ ملاقات میں وفد نے ٹرک اسٹینڈ اور ٹرانسپورٹرز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا جن میں ٹرک اسٹینڈ کی صفائی، سیوریج کے مسائل، سیفٹی ٹینک کا مسائلہ، ٹرک اسٹینڈ کے اندر اور اطراف تجاوزات کی بھرمار، پینے کے پانی کا مسئلہ، ماڑی پور روڈ کی خستہ حالی اور ازسرنو تعمیر، گلبائی چوک کو چوڑا کرنا، گلبائی سے بروک بانڈ تک سڑک کی تعمیر، سڑک پار کرنے والوں کے ساتھ آئے دن حادثات کے پیش نظر آئی سی آئی برج سے مچھر کالونی تک سڑک کے درمیان چھ فٹ دیوار کی تعمیر، ٹرک اسٹینڈ کی زمین کی الاٹمنٹ میں حائل دشواریوں اور اس حوالے سے ٹرانسپورٹرز کے تحفظات، مزید روٹ پرمٹ ٹیکس اور دیگر ٹیکسز کے حوالے سے بات کی گئی۔ وزیر بلدیات کے تجاوزات کے حوالے سے ڈائریکٹر لینڈ کے ایم سی، پانی اور سیوریج کے حوالے سے ایم ڈی واٹر بورڈ اسداللہ خان، گلبائی کی چوڑائی اور سڑک کی تعمیر کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر غربی کو مسائل کے فوری حل کے لیے احکامات دیئے۔ زمین کی الاٹمنٹ ے حوالے سے کمشنر کراچی سے بات کرکے ملاقات کا وقت طے کردیا۔ وفد نے مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات پر وزیر بلدیات کا شکریہ ادا کیا اور ان کے اقدامات و توجہ دینے کی تعریف کی۔