• Wed. Jul 2nd, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

صوبے بھر میں تھانوں کی سطح پر وومن ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے

Oct 23, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز ) آئی جی سندھ ڈاکٹرسید کلیم امام کی زیر صدارت سینٹرل پولیس آفس کراچی میں منعقدہ ویڈیو لنک اجلاس میں سندھ میں قائم وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیلز کی کامیابی، درپیش چیلنجز اور آئندہ کی حکمت عملی پر مختلف حوالوں سے تفصیلی غور کیا گیا اور مزید ضروری ہدایات دی گئیں۔ منگل کو جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن سمیت ایڈیشنل آئی جیز آپریشنز، حیدر آباد، سکھر، رینج ڈی آئی جیزکی ویڈیو لنک جبکہ ہیڈکوارٹرز، فائنانس آئی ٹی، آپریشن ڈی آئی جیز اور اے آئی جی آپریشن نے براہِ راست شرکت کی۔ اجلاس کو سندھ بھر میں قائم وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیلز کی رواں سال ابتک کی موصولہ شکایات اور ان کے ازالے کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ کراچی میں 20 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 18شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے جبکہ 2 شکایات پر کام جاری ہے۔ اسی طرح حیدرآباد میں بھی 1364 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 1305 شکایات کو نمٹا دیا گیا ہے جبکہ 59 شکایات پر کام جاری ہے۔ سکھر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا گیا کہ یہاں پر 862 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 782 شکایات پر کام مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ 80 شکایات پر کام ہورہا ہے، شہید بینظیر آباد میں موصول ہونے والی 6 شکایات پر کام مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں 28 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 26 شکایات کو مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ 2 شکایات پر ابھی کام ہونا باقی ہے۔ آؤٹ آف سندھ سے 11 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 10 پر کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ ایک شکایات پر کام جاری ہے۔ آئی جی سندھ نے ہدایات دیں کہ صوبے بھر میں تھانوں کی سطح پر وومن ڈیسک کا قیام عمل میں لایا جائے جبکہ وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل میں شکایات کے اندراج اور ریکارڈ و دیگر جملہ ضروری امور کے حوالے سے ایک سافٹ ویئر تیار کیا جائے جو مرکزی حیثیت میں سی پی او سے تمام مذکورہ سیلز کی ناصرف مانیٹرنگ کرے گا بلکہ آپریٹ بھی کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیل کے لئے ایمرجینسی نمبر اور ہیلپ لائن نمبر کا اجراء بھی زیر غور ہے جس سے بلاشبہ ان سیلز کی کارکردگی کو مزید مؤثر اور مربوط بنایا جاسکے گا۔ اس موقع پر آئی جی سندھ نے ضلعی سطح پر وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیلزکو باقاعدہ پولیس موبائل دینے اور وومن اینڈ چائلڈ پروٹیکشن سیلز کی انچارج خواتین اہلکاران کے لئے ان کی عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر 10 دس ہزار روپے انعام کا بھی اعلان کیا۔آئی جی سندھ نے کہا کہ مشکل گھڑی میں آپکا بروقت ریسپانس دراصل خدمت انسانیت ہے جبکہ فرائض کی بطریق احسن بجا آوری ناصرف آپکی مثبت شناخت کا سبب بنتی ہے بلکہ یہ عمل صدقہ جاریہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دکھی انسانیت کی خدمت ایک عبادت ہے جوآپکے بلند درجات کا سبب بنتی ہے۔