کراچی(غلام مصطفے عزیز ) ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی ڈاکٹر بدر جمیل نے کہا ہے کہ ادارہ ترقیات کراچی اپنی بحالی کے بعد شہر کی رونقیں بحال کرنے اور کراچی کے باسیوں کو ہر طرح کی شہری سہولت فراہم کرنے کے لئے دن رات کوشاں ہیں۔ شہر کی رونقیں بحال کرنے اور ترقی یافتہ بنانے کے ساتھ ادارہ ترقیات کراچی انسانی فلاح و بہبود اور صحتمندانہ و تفریحی سہولیات پر بھی خصوصی توجہ دے رہا ہے۔ یہ بات ڈی جی کے ڈی اے نے گلستان جوہر بلاک 1 میں واقع کے ڈی اے اراضی پر موجود پارک کے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر پارکس مبین صدیقی نے ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے کو بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا کہ پارک میں جاری ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کی گئی ہے اور پارک میں بچوں کے لئے تفریحی سہولیات فراہم کرنے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈی جی کے ڈی اے ڈاکٹر بدر جمیل نے جاری ترقیاتی کاموں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے منصب کی ذمہ داری ہے کہ شہر کراچی کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کے بنیادی حقوق کی فراہمی کے لئے اپنا کردار ادا کروں ۔ وزیر بلدیات سندھ کے تعاون سے کے ڈی اے اراضی پر 200 سے زائد غیر آباد پارکس کو آباد کرنے جارہے ہیں، بہت جلد بڑی تعداد میں شہریوں کو تفریحی مقامات میسر ہوں گے۔ امید ہے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے اقدامات کے باعث شہر کراچی کو آلودگی سے محفوظ بنانے اور شہریوں کو پرفضا ماحول فراہم کرنے میں کافی بہتری آئے گی۔آنے والے دنوں میں شہر کراچی میں کے ڈی اے اراضی پر پارکس و گرائونڈز کا جال بچھادیا جائے گاجس سے عام شہری کو صحتمندانہ ،پر فضا ماحول اور تفریحی مقامات میسر ہوں گے۔عوامی سہولیات کے لئے مزید پارکس کی تزئین و آرائش کرکے عوام کو صحت اور تندرستی کے ساتھ ساتھ تفریحی سہولیات کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ ڈائریکٹر پارکس مبین صدیقی، سب انجینئر گلستان جوہر، ترجمان ادارہ ترقیات کراچی اکرم ستار بھی موجود تھے۔