واشنگٹن (نمائندہ خصوصی)امریکی میڈیا نے دعویٰ کیاہے کہ امریکی فورسزنے خصوصی آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم آئی ایس آئی ایس کے سربراہ ابوبکر البغدادی کو ہلاک کر دیاہے ۔
غیر ملکی ویب سائٹ ” دی مرر “ نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ کالعدم داعش کے سربراہ کو جب اندازہ ہوا کہ وہ بھاگ نہیں سکتا تواس نےخود کش جیکٹ پہن کر خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ اس دوران اس کی دونوں بیویاں بھی ماری گئیں ۔امریکی صدر کی جانب سے شمالی شام میں خصوصی آپریشن کا حکم جاری کیا تھا ۔
آپریشن کے دوران ابو بکر البغدادی کو جب احساس ہوا کہ بچ نکلنا اب ممکن نہیں رہا تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا جبکہ اس کی دونوں بیویاں بھی اہلکاروں اور دہشتگردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ماری گئیں تاہم امریکی فوجیوں کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ہے ۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” تھوڑی دیر پہلے کچھ بہت بڑا ہواہے ۔“ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس کے علاوہ مزید کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی تاہم امریکہ میڈیا میں اطلاعات جاری ہیں کہ کالعدم داعش کا سربراہ آپریشن کے دوران مارا گیاہے ۔ وائٹ ہاﺅس کے ترجمان ” ہوگن گیڈلے “ نے کہاہے کہ امریکی صدر صبح نوبجے نہایت اہم ترین بیان جاری کریں گے ۔
دی مرر نے اپنی رپورٹ میں امریکی حکام کے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ ٹاپ سیکریٹ لیول پر شام میں آئی ایس آئی ایس کے آخری گڑھ کے کیخلاف بڑا آپریشن کیا گیاہے جہاں ایک ہائی ویلیو ٹارگٹ کی نشاندہی کی گئی تھی ۔امریکی ملٹری ذرائع نے رائٹرز کو تصدیق کی ہے کہ شام میں کالعدم داعش کے لیڈر کیخلاف آپریشن کیا گیاہے لیکن تاحال کامیابی کی تصدیق سامنے نہیں آ سکی ہے ۔” نیوز ویک “ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع نے وائٹ ہاﺅس کو بتایا ہے کہ انہیں پورا اعتماد ہے کہ البغدادی مارا گیاہے ۔