• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ راﺅنڈ، پاکستان اور ہالینڈ کے اہم ہاکی میچ کا حیران کن نتیجہ آ گیا

Oct 27, 2019

ایمسٹر ڈیم (نمائندہ خصوصی) ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ راؤنڈ میں پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان پہلا میچ برابر ہو ہو گیا ہے، دونوں ٹیمیں مقررہ وقت میں 4-4 گول کرنے میں کامیاب رہیں، پاکستان کی طرف سے مبشر علی نے 2 جبکہ محمد رضوان اور غضنفر علی نے ایک گول کیا۔

تفصیلات کے مطابق ایمسٹرڈیم میں ہونے والے اس میچ میں پاکستانی ٹیم نے آغاز میں ہی جارحانہ انداز اپنایا اور 5ویں منٹ میں مبشر علی کی بدولت ابتدائی گول کرنے میں کامیاب ہو گئی،میزبان سائیڈ نے مقابلہ برابر کرنے کی کوشش کی اور 20 ویں منٹ میں منک وینڈرویرڈن نے ہالینڈ کی طرف سے گول کر کے میچ 1-1 سے برابر کر دیا۔

صرف ایک منٹ کے بعد بیورن کیلرمین نے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تاہم غضنفرعلی نے جلد ہی حساب چکتا کر دیا اور یوں مقابلہ پھر 2-2 سے برابر ہو گیا، 38 ویں منٹ میں محمد رضوان نے گیند کو جال کے اندر پھینک کر ایک مرتبہ پھر قومی ٹیم کو برتری دلا دی جو 52 ویں منٹ میں اس وقت ختم ہو گئی جب رابرٹ نے گیند کو جال کا راستہ دکھایا اور میچ کا سکور 3-3 ہو گیا۔

میچ کے 58ویں منٹ میں مبشر علی نے انفرادی طور پر دوسرا اور اجتماعی طور پر چوتھا گول کر کے پاکستان کو فتح کے قریب پہنچا دیا تاہم کھیل کے آخری منٹ میں ہالینڈ کے منک وینڈر نے انفرادی طور پر دوسرا گول کر کے مقابلہ 4-4 سے برابر کر دیا۔ پاکستان اور ہالینڈ کی ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ 27 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔