• Sat. Apr 27th, 2024

ایک ہی دن میں پاکستانیوں کے 22 ارب روپے ڈوب گئے

Oct 27, 2019

کراچی (اکنامک رپورٹر)انٹربینک مارکیٹ میں پاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالرکی قیمت میں 9پیسے کااضافہ،جبکہ اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں استحکام رہا،کاروباری ہفتے کے آخری روزجمعہ کواتارچڑھائو کے بعد مندی رہی اور کے ایس ای100انڈیکس 33700کی نفسیاتی حدسے گرگیا،مندی کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کے22ارب14کروڑ روپے سے زائدڈوب گئے۔

ڈالرکی قیمت میں 9پیسے اضافے سے قیمت خرید156.00روپے اورقیمت فروخت156.10روپے ہوگئی۔دوسری طرف عالمی مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت میں 17 ڈالر کا نمایاں اضافہ، جس کے نتیجے میں مقامی صرافہ مارکیٹوں میں بھی فی تولہ سونا400روپے جبکہ 10گرام سونے کی قیمت میں 343روپے کا اضافہ ریکارڈ کیاگیا،جس کے نتیجے میں فی تولہ سونے کی نئی قیمت87500روپے جبکہ دس گرام سونے کی نئی قیمت75017روپے ہوگئی۔

علاوہ ازیں پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تین روزسے جاری تیزی کا تسلسل ٹوٹ گیا،کاروباری حجم گزشتہ روزکی نسبت40فیصدزائد جبکہ50فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔مارکیٹ کے اختتام پرکے ایس ای100انڈیکس105پوائنٹس کمی سے33657 پوائنٹس پربندہوا۔

جمعہ کومجموعی طورپر357کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے146کمپنیوں کے حصص کے بھائومیں اضافہ،180کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں کمی جبکہ 31 کمپنیوں کے حصص کے بھائو میں استحکام رہا۔سرمایہ کاری مالیت میں 22ارب14کروڑ58لاکھ78ہزار63روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر 66 کھرب 39 ارب 58کروڑ3لاکھ39ہزار332روپے ہوگئی۔