• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

صوبائی حکومت نے ڈینگی بخار کو کنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا ئے جس دوران تمام سرکاری اداروں نے محکمہ صحت کے شانہ بشانہ کام ک

Oct 28, 2019

ساہیوال (بیورورپورٹ)صوبائی سیکرٹری سوشل ویلفیئر عنبرین رضا نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے ڈینگی بخار کو کنٹرول کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھا ئے جس دوران تمام سرکاری اداروں نے محکمہ صحت کے شانہ بشانہ کام کیا،انہی اقدامات کی بدولت ابھی تک ضلع بھر میں ڈینگی کا کوئی ایک مریض بھی سامنے نہیں آیا جو کہ قابل ستائش بات ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ مستقبل میں بھی اسی جذبے کے ساتھ کام کیا جائے تاکہ ڈینگی وائرس کو پنپنے سے پہلے ہی ختم کیا جا سکے۔انہوں نے یہ بات ڈی سی آفس میں ضلع ساہیوال میں ڈینگی مچھروں کے تدارک کے ہفتہ وار جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اجلاس میں کمشنرساہیوال ڈویژن ندیم الرحمٰن ، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر احتشام انور ،اے ڈی سی جنرل فاروق اکمل، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر اظہر نقوی ، ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ثمرین کوثر اورسوشل ویلفیئر آفیسر محمد عباس چوہان کے علاوہ متعلقہ تمام محکموں کے سربراہان نے بھی شرکت کی ۔انہو ں نے محکمہ صحت کی ٹیموں پر زور دیا کہ وہ گھروں میں معائنے کے دوران ایسی تمام جگہوں کی مکمل چیکنگ جاری رکھیں جہاں پر مچھروں کی افزائش کے زیادہ امکانات ہوں خاص طور پر پانی کی ٹینکیوں ،گملوں اور پرندوں کےلئے رکھے ہوئے برتنوں کو بھی چیک کیا جائے ۔صوبائی سیکرٹری سوشل ویلفیئر عنبرین رضا نے سکولوں اور کالجز انتظامیہ کو ہدایت کی کہ طلبا و طالبات کو صفائی کی اہمیت اور ڈینگی مچھروں کے تدارک کے حوالے سے خصوصی تربیت دی جائے تا کہ وہ اپنے گھروں کو صاف رکھنے میں معاون ثابت ہوسکیں ۔انہوں نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر اپنے اپنے دفاتر کی چیکنگ کو بھی یقینی بنائیں ۔اجلاس میں سی ای او ڈاکٹر اظہر نقوی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں اس وقت ڈینگی بخار کا کوئی ایک مریض بھی موجود نہیں تا ہم دو مشکوک کیسز رپورٹ ہوئے جنہیں ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال داخل کروا دیا گیا جہاں ان کے معائنے جاری ہیں تاکہ اگر ان میں ڈینگی وائرس پایا جائے تو ان کا مناسب علاج کیا جا سک۔سیکرٹری سوشل ویلفیئر عنبرین رضا نے زور دیا کہ گھروں کی چیکنگ کے دوران پانی والی ٹینکیوں پر خصوصی توجہ دی جائے کیونکہ چھت پر ہونے کی وجہ سے انہیں نظر انداز کر نے کے امکانات زیادہ ھوتے ہیں ۔ انہوں نے صوبائی حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات اور ہدایات پر بھی تفصیلی روشنی ڈالی اور تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکمے کے لئے مختص بنچ مارک پر پوری طرح عمل کو یقینی بنائیں تاکہ ڈینگی مچھروں کی افزائش کو روکا جا سکے ۔انہو ں نے بتایا کہ اکتوبر کا مہینہ اس خطر ناک بیماری کے لئے انتہائی اہم ہوتاہے جس میں مچھروں کی افزائش نسل کا عمل جاری رہتا ہے ۔انہوں نے ڈینگی مچھر کے خاتمے کیلئے ضلعی حکومت ساہیوال کے بروقت اور ٹھوس اقدامات کو سراہتے ہوئے مستقبل میں بھی انہیں جاری رکھنے کی ہدایت کی جن کی بدولت مچھر کی افزائش پر قابو پایا گیا ۔ بعد ازاں نے متعلقہ محکمے کی ٹیموں کے ساتھ شہر و مضافات کی مختلف ایسی جگہوں کا دورہ بھی کیا جہاں ممکنہ طور پر ڈینگی لاروا پایا جا سکتا ہو ۔