اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ایئرفورس کے دوسول ملازمین کی ملازمت سے برطرفی کیخلاف درخواستوں پر سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے ججز نے پاک فضائیہ کو زبردست خراج تحسین پیش کیا،جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہمیں اپنی پاک فضائیہ پر فخر ہے ، پاک فضائیہ پیشہ وارانہ فورس ہے جو دنیا کیلئے مثال ہے، جسٹس اعجاز الاحسن نے کہا کہ ہماری ایئر فورس دنیا کی بہترین فورس ہے،پاک فضائیہ نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں ایئرفورس کے دوسول ملازمین کی ملازمت سے برطرفی کیخلاف درخواستوں پر سماعت ہوئی،دوران سماعت جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ حبیب اللہ اور سیف اللہ دونوں سگے بھائی ہیں،حبیب اللہ پاک فضائیہ بیس سکردو نہیں جانا چاہتاتھا اس لئے دل کی تکلیف کا بہانہ کیا ،حبیب اللہ نے بعد میں دل کی تکلیف کی جگہ آنکھ کی دوائی کا نسخہ پیش کیا ۔
وکیل درخواستگزار نے کہا کہ صرف تین روز غیر حاضری پر ملازمت سے نکال دیاگیا حبیب اللہ کا پیٹ خراب تھا ،جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ تین روز کی چھٹی کیلئے 5 ،5 بہانے کئے گئے،جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ دل کی بیماری اور پیٹ کی بیماری غلط ثابت ہوئی،وکیل درخواست گزار نے کہا کہ سیف اللہ کو والدہ کیساتھ تھانے جانے پر نوکری سے نکال دیا گیا۔عدالت نے دلائل سننے کے بعد حبیب اللہ کی درخواست خارج کردی جبکہ سیف اللہ کے معاملے پر وزارت دفاع کو نوٹس جاری کردیا۔