• Mon. Jun 30th, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سندھ پولیس کے 101 انسپکٹرزکی ڈی ایس پی کے عہدوں پر ترقی

Oct 31, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز) سندھ پولیس کے تحت 101 انسپکٹرز کی ڈی ایس پی کے عہدے پر ترقی کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے اس ضمن میں سلیم واحدی آڈیٹوریم کلفٹن میں رینک لگانے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی کراچی اور سیکریٹری داخلہ سندھ نے مشترکہ طور پر ڈی ایس پی عہدے کے رینک لگائے۔ آئی جی سندھ ڈاکٹر سید کلیم امام نے اپنے خطاب میں ڈی ایس پی رینک کے عہدے پر ترقی پانیوالوں کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ترقی کے ساتھ ہی آپ کی ذمہ داریاں بھی اب مزید بڑھ گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرجانبدارانہ، شفاف اور بلاامتیاز پولیسنگ سے نہ صرف کارکردگی بلکہ نیک نامی میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ آپ لوگ خوش نصیب ہیں کہ آپ کو خدمت انسانیت کا منصب عطاء کیا ہے لوگوں سے بہتر رویہ اور برتاؤ کو اپنا شعار بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ محکمہ پولیس سندھ میں پروموشنز ملازمین کی دیرینہ خواہش تھی رواں سال پولیس کے مختلف یونٹس سے وابستہ 4750 افسران اور جوانوں کو اگلے عہدوں پر ترقیاں دی گئیں اوراتنی بڑی تعداد میں ملازمین کومیرٹ پر ترقیاں دی جائیں ایسا سندھ پولیس کی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمانہ ترقی کے اس عمل میں وزیراعلی سندھ سیدمرادعلی شاہ، چیف سیکریٹری سندھ سید ممتازعلی شاہ اور سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی کبیر کے بھرپور تعاون کا میں تہہ دل سے مشکور ہوں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ محکمانہ ترقیوں کا یہ عمل تسلسل کے ساتھ جاری رہیگا۔ ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ اینڈ اسٹیبلشمنٹ سندھ ڈاکٹرآفتاب پٹھان نے کہا کہ میرٹ پرترقی کے عمل کو یقینی بنانے کے لئے شب و روز محنت کی اور یہ سب آئی جی سندھ کی رہنما ہدایات اورمجموعی ذمہ داریاں تفویض کرنے کے باعث ممکن ہوا۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے کہا کہ سینئر رینک پر جانا آپ لوگوں کی خوش نصیبی ہے، آپ کی ذمہ داریاں آپ سے عوام کی بے لوث خدمت تقاضہ کرتی ہیں اور خدمت انسانیت بھی نیکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے تجربے اور مہارت سے پولیسنگ کے مجموعی امور اور باالخصوص شعبہ تفتیش کے جملہ امورکو مضبوط اورمؤثر بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس ایک تجربہ کار اور باصلاحیت فورس ہے، جس کی شناخت اس کی کارکردگی اور جرائم کیخلاف کامیابیاں ہیں۔ ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز سندھ نے کہا کہ رواں سال میں سب سے زیادہ محکمانہ ترقیاں دی گئیں جوآئی جی سندھ کی سنجیدہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔ تقریب میں سیکریٹری داخلہ سندھ قاضی کبیر کے علاوہ تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، ایس پیز اور اے ڈی آئی جیز سندھ بھی شریک تھے۔