• Tue. Jul 1st, 2025

News Time HD TV

Ansar Akram

سیاست کے لئے کسی ڈگری کی نہیں بلکہ تربیت کی ضرورت ہوتی ہے۔ سعید غنی

Nov 6, 2019

کراچی(غلام مصطفے عزیز )وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ سیاست کے لئے کسی ڈگری کی نہیں بلکہ تربیت کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کی نرسریاں کالجز اور جامعات ہیں۔ اس ملک میں جمہوریت اور سیاست کو اگر مضبوط کرنا ہے اور عوام میں شعور اور ووٹ کی طاقت کا بتانا ہے تو طلبہ و مزدور یونین پر سے پابندیاں ہٹانی ہوں گی۔ سندھ حکومت جلد ہی سندھ اسمبلی میں آمر ضیاء کے دور سے لگائی گئی طلبہ تنظیموں پر سے پابندی ہٹانے کا قانون منظور کرائے گی اور اگر ضرورت ہوئی تو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں بھی اس پر آواز بلند کی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے سندھ پیپلز اسٹوڈنٹس فیڈریشن (اسپاف) کے زیر اہتمام طلبہ تنظیموں کی پابندی کے خلاف کراچی پریس کلب کے باہر منعقدہ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مظاہرے سے صوبائی وزیر شبیر بجارانی،پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری وقار مہدی، انفارمیشن سیکرٹری سینیٹر عاجز دھامرا، اسپاف کے صدر منصور شاہانی، جنرل سیکرٹری لالہ مراد، انفارمیشن سیکرٹری شہریار بھگت اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ میں اسپاف کے تمام طلبہ کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے طلبہ یونین پر عائد پابندی کے خلاف سندھ بھر سے اس مہم کا آغاز کیا ہے اور کراچی پہنچیں ہیں۔ انہوںنے کہا کہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری طلبہ یونینز پر عائد پابندی کے خلاف ہیں اور انہوںنے متعدد بار اس بات کا کھل کر اظہار کیا ہے کہ آمرانہ دور میں لگنے والی پابندی کا خاتمہ ہونا ضروری ہے۔ سعید غنی نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے بھی طلبہ یونین پر پابندی کے خاتمے کے لئے کوشش کی۔ انہوںنے کہا کہ کسی بھی ملک کی سیاست اور سیاستدانوں کے لئے طلبہ یونین اور ٹریڈ یونین نرسری کا کردار ادا کرتی ہیں اور ہمارے یہاں افسوس کہ سیاست کی نرسریوں پر پابندیاں عائد کرکے کہا جاتا ہے کہ ہم الیکشن لڑیں۔ سعید غنی نے کہا کہ اس ملک میں جمہوریت اور سیاست کو اگر مضبوط کرنا ہے اور عوام میں شعور اور ووٹ کی طاقت کا بتانا ہے تو طلبہ و مزدور یونین پر سے پابندیاں ہٹانی ہوں گی۔ انہوںنے کہا کہ سیاست کے لئے کسی ڈگری کی نہیں بلکہ تربیت کی ضرورت ہوتی ہے اور اس کی نرسریاں کالجز اور جامعات ہیں۔سعید غنی نے کہا کہ میں سندھ حکومت کی نمائندگی کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ سندھ اسمبلی میں طلبہ یونین پر پابندی کے لئے نہ صرف آواز اٹھائی جائے گی بلکہ اس حوالے سے قانون سازی کرکے سندھ میں طلبہ یونین سے پابندی ہٹائی جائے گی۔