کراچی(غلام مصطفے عزیز ) KIA موٹرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر(سی او او) محمد فیصل نے کہا ہے کہ 20 ارب روپے کی سرمایہ کاری کے ساتھ صرف ڈیڑھ برس کے عرصے میں 50 ہزار یونٹ کی پیداواری صلاحیت رکھنے والا پلانٹ مکمل کیا ہے، 14ماہ کے عرصے میں ملک کے 11شہروں میں 18ڈیلرشپ دی جاچکی ہیں، پاکستان کی آٹوموبیل صنعت کو معیار کی نئی بلندیوں تک لے جانے کا عزم رکھتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری(کاٹی) میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کاٹی کے صدر شیخ عمر ریحان، سینئر نائب صدر محمد اکرام راجپوت، نائب صدر سید واجد حسین اور کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے آٹو موٹیو کے چیئرمین غضنفر علی خان نے بھی اظہار خیال کیا۔ قبل ازیں صدر کاٹی شیخ عمر ریحان نے کہا کہ KIAکی صورت میں پاکستان میں ایک بہت بڑی سرمایہ کاری آئی، جس کی پذیرائی اور خیرمقدم کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی ترقی اور روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے آٹو موبیل سیکٹر کی ترقی ناگزیر ہے، ہمیں امید ہے کہ KIAکی اس شعبے میں سرمایہ کاری سے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور آٹوموبیل صنعت میں ایک صحت مند مسابقت کا آغاز ہوگا۔ کاٹی کی قائمہ کمیٹی برائے آٹو موٹیوو غضنفر علی خان نے کہا کہ KIAکی سرمایہ کاری آٹو موبیل سیکٹر میں ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان میں آٹوموبیل صنعت مسائل کا شکار ہے، ایک ہزار افراد میں سے صرف 17یا 18افراد کے پاس گاڑی ہے اور اس شعبے میں بے پناہ مواقع موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت الیکٹریکل وہیکل پالیسی کے حوالے سے سنجیدہ اقدامات کررہی ہے، اس سے ملکی پیٹرولیم درآمدات کے بلوں میں کمی اور ماحول کے تحفظ جیسے اہم اہداف حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ KIA نے جدید ترین ٹیکنالوجی اپنائی ہے اور ہم اس کی کام یابی کے خواہاں ہیں۔ بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سی او او KIAلکی موٹرز محمد فیصل نے کہا کہ عالمی سطح پر بھی KIAکے معیار کو تسلیم کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پکانٹو، سپورٹیج اور گرینڈ کارنیول لاؤنچ کی صورت میں منفرد اور اعلیٰ ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیاں لاؤنچ کی گئی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کااظہار کیا کہ KIAموٹرز پاکستان میں آٹو موبیل سیکٹر میں معیار کو نئی بلندیوں تک لے کر جائے گی۔ تقریب میں اکبر فاروقی ، ایس یم یحیی ، محمد انیس اور تاجر و صنعتکاروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقعے پر KIAموٹرز سے متعلق تفصیلی پریزنٹیشن بھی دی گئی۔