لاہور (نمائندہ خصوصی) کھیل کے میدان سے پاکستان کیلئے ایک اور اچھی خبر آ گئی ہے اور کرکٹ، ہاکی ، سکواش کے بعد پاکستان کو کبڈی ورلڈ کپ کی میزبانی کا اعزاز بھی مل گیا ہے، سرکل کبڈی ورلڈکپ آئندہ سال جنوری میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سرکل سٹائل کبڈی ورلڈ کپ 12 سے 18 جنوری تک لاہور، فیصل آباد، ننکانہ صاحب اور کرتار پور میں کھیلا جائے گا جبکہ اس ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت ایران، کینیڈا، انگلینڈ ،آسٹریلیا ، امریکہ اور کینیا سمیت 10ٹیمیں شامل ہوں گی۔
آج لاہور میں ہونے والی پریس کانفرنس میں پاکستان کبڈی فیڈریشن کے صدر چوہدری شافع حسین نے بتایا کہ بھارت نے ٹورنامنٹ میں مشروط طور پر شرکت کی حامی بھری ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی ٹیم نے زبانی شرکت کی یقین دہانی کروائی ہے، امید ہے رواں ماہ بھارتی ٹیم بھی تحریری تصدیق کر دے گی۔