اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)حکومت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کیلئے ضمانتی بانڈ جمع کروانے کی شرط عائد کی ہے۔
شیخ رشید کہتے ہیں ضمانتی بانڈکی مالیت العزیزیہ کیس کے برابرہے جبکہ اے آر وائی نیوز کے پر وگرام باخبرسویرا میں بتایا گیاہے کہ یہ رقم دس ار ب روپے تک ہے، اینکرنےسینئر صحافی صابر شاکرسےسوال کیا کہ عدالت نےنواز شریف کو صرف اڑھائی کروڑ روپے میں ضمانت دےدی پھر حکومت کیوں اس قدر خطیر رقم مانگ رہی ہے جس پر صابر شاکر نے جواب دیا کہ عدالت کو معلوم ہوتاہےکہ ملزم عدالتی اور حکومتی دائرہ کارمیں ہی رہ رہاہےاس لئےاس نے کم رقم پرضمانت دی لیکن حکومت ڈری ہوئی ہے کہ کہیں نواز شریف ملک سے باہر جاکر واپس ہی نہ آئے تو وہ کیا کرے گی۔
اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کیلئے جو سکیورٹی بانڈ جمع کرانے کا کہا گیاہےاس کی رقم العزیزیہ کیس کی مالیت کےبرابر ہوگی۔
جیو نیوز کے مطابق انہوں نے بتایاکہ کابینہ نے کہا کہ تمام قانونی لوازمات پورے کرنے کے بعد باہر جانے دیا جائے، زر ضمانت کی مالیت العزیزیہ کیس کی مالیت کے برابرہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ ’میں کابینہ کا رکن ہوں اور کابینہ کے فیصلے کےساتھ کھڑا ہوں‘۔
خیال رہےکہ وفاقی کابینہ نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مشروط منظوری دی ہے، نواز شریف کو کہا گیا ہے کہ وہ سیکیورٹی بانڈ جمع کرائیں تو نام ای سی ایل سے نکلے گا۔جیو نیوز کے مطابق العزیزیہ ریفرنس کے فیصلے میں نواز شریف کو 7 سال قید بامشقت سمیت 2کروڑ 50 لاکھ ڈالر (تقریباً تین ارب 90 کروڑ روپے) اور 1.5 ارب روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔اسلام آباد ہائیکورٹ نے طبی بنیادوں پر العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضمانت 8 ہفتوں کیلئے منظور کی ہے۔