کراچی(غلام مصطفے عزیز)گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے بینک دولت پاکستان میں بابا گرونانک کے 550 ویں یوم پیدائش پر550 روپے کے یادگاری سکے کی نقاب کشائی کی ۔ نقاب کشائی کی منگل کو منعقدہ تقریب میں پاکستان سکھ کونسل کے پیٹرن ان چیف اور متروکہ املاک وقف بورڈ کے لیے وزیر اعظم کی ٹاسک فورس کے رکن سردار رمیش سنگھ خالصہ کی زیرِ قیادت سکھ برادری کے وفد بشمول پاکستان سکھ کونسل اور بابا گرونانک دربار کے اراکین نے بھی شرکت کی۔ اپنے خیرمقدمی خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک نے حاضرین کو بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایک مذہبی شخصیت کی یاد میں سکہ جاری کیا گیا ہے۔ انہوں نے بابا گرونانک کے نام پر یادگاری سکہ جاری کرنے کی تین وجوہات بیان کیں۔ پہلی وجہ یہ ہے کہ اس اقدام سے اسٹیٹ بینک نے بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے کر قومی کوششوں میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ یہ سکہ بابا گرونانک کی تعلیمات کے مطابق امن کا پیغام اجاگر کر ے گا۔ امن کا فروغ ہے جس سے معاشی خوشحالی بڑھتی ہے، جو اسٹیٹ بینک کا کلیدی ہدف ہے۔ مہمان خصوصی سردار رمیش سنگھ خالصہ نے اپنے خطاب میں گورنر اسٹیٹ بینک اور اسٹیٹ بینک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس سکے کا اجراء دنیا بھر میں بسنے والے 140 ملین سکھوں کے لیے خصوصی تحفے کی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ سکہ 12 نومبر 2019ء سے ایس بی پی بینکنگ سروسز کارپوریشن کے تمام فیلڈ دفاتر کے تبادلہ کائونٹرز پر دستیاب ہے۔ یہ سکے ننکانہ صاحب گوردوارہ اور کرتارپور میں بابا گرونانک کے مزار پر بھی دستیاب ہیں۔ تقریب کے اختتام پر گورنر اسٹیٹ بینک نے مہمان خصوصی کو یادگار پیش کی۔ سکے کی دھات کے اجزائے میں تانبا اور نکل شامل ہے، جس میں 75 فیصد تانبا اور 25 فیصد نکل ہے۔ اس کی موٹائی30.0 ایم ایم اور وزن13.5 گرام ہے۔ سامنے کے رخ پر وسط میں بڑھتا ہوا ہلال اور پانچ نوکوں کا ابھرتا ہوا ستارہ ہے، جس کا رخ شمال مغرب کی طرف ہے۔ ستارے اور ہلال کے اوپر کنارے کے ساتھ اردو میں اسلامی جمہوریہ پاکستان کندہ ہے۔ ہلال کے نیچے اور گندم کے اوپر کی طرف دو خمیدہ بالیوں کے اوپرعددی صورت میں اجراء کا سال 2019 درج ہے۔ ستارے اور ہلال کے دائیں اور بائیں جانب بالترتیب سکے کی مالیت ابھرے ہوئے اعداد میں 550 اور اردو میں روپیہ تحریر ہے۔ سکے کے پچھلے رخ پر مرکز میں شری گرونانک دیو جی کی یادگار کی تصویر دی گئی ہے۔ یادگار کے اوپر 550 ویں سالگرہ تقریبات اور یادگار کی عمارت کے نتیچے شری گرونانک دیو جی تحریر ہے جبکہ سکے کے نچلے کنارے کے ساتھ 1469-2019 درج ہے جو ان کے یومِ پیدائش کی تقریبات کی مدت کی عکاسی کرتا ہے۔