مراٹھا عریبین نے دکن گلیڈیٹرز کو 8 وکٹوں سے شکست دیکر ٹرافی اپنے نام کرلی مراٹھا عریبین نے ٹاس جیتنے کے بعد فیلڈنگ کا انتخاب کیا۔ دکن گلیڈیٹرز نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 10 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 87 رنزبنائے۔ اوپنز محمد شہزاد اور شین واٹسن خاطرخواہ کارکردگی نہ دکھاسکے اور جلد ہی پویلین لوٹ گئے، محمد شہزاد نے 14 اور شین واٹسن نے ایک رن بنایا۔ لارنس نے4، کیرن پولاڈ نے 5، راجہ پکسے نے 23، آصف خان نے 25 بین کٹنگ نے 12 رنز بنائے۔ دکن گلیڈیئٹرز کے بلے بازوں نے آخری اوور میں تیز رن لینے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہ ہوئے اور دسویں اوور کی آخری 3 گیندوں پر 3 بلے باز بین کٹنگ ، پیٹریس اور فواد خان رن آؤٹ ہوگئے۔ مراٹھا عریبین کی جانب سے ڈیون براوو نے 2 وکٹیں حاصل کی جبکہ ملنگا، رنجیتا اور میکیلگم کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ 88 رنز کے ہدف کے تعاقب میں مراٹھا عریبین کے اوپنرز والٹن اور کرس لائنن نے ٹیم کو اچھا آغاز کیا اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 56 رنز بنائے والٹن نے 51 رنز بنائے اور وہ آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ کرس 16 رنز بناکر ظہور خان کی گیند پر کیرن پولاڈ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے دیگر بلے بازوں میں ایڈم نے 2 اور نجیب اللہ زادران نے 12 رنز اسکورکئے۔ مراٹھا عریبین نے آٹھویں اوور کی دوسری گیند پر مطلوبہ ہدف حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کی۔اس سے قبل بنگال ٹائیگرز نے قلندرز کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر ابوظبی ٹی 10 لیگ میں تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بنگال ٹائیگرز نے ٹاس جیتنے کے بعد حریف ٹیم کو کھیلنے کی دعوت دی۔ قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ میلن اور لیوک رونچی نے اننگز کا آغاز کیا اور 28 رنز کی ابتدائی شراکت فراہم کی۔ قلندرز کی پہلی وکٹ 28 رنز پر گری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی لیوک رونچی تھے جو پربھات جے سوریا کی گیند پر بولڈ ہوئے انہوں نے 19 رنز اسکورکئے۔ اگلی گیند ہی پر جے سوریا نے امجدخان کو بھی آؤٹ کردیا وہ کوئی رنز نہ بناسکے۔ قلندرز کی تیسری وکٹ 52 رنز پر گری ۔ آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ڈیوڈ میلن تھے جنہوں نے 24 رنز اسکورکئے۔ قلندرز کی جانب سے فلپ سالٹ نے 30 اور پیٹرٹریگو نے 23 رنز بنائے اور دونوں آؤٹ نہیں ہوئے۔ قلندرز نے حریف ٹیم کو جیت کے لئے110 رنز کا ہدف دیا جو بنگال ٹائیگرز نے دسویں اوورز کے چوتھی گیند پر حاصل کرلیا ۔ آندرے فلیچر 52 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے جبکہ ریلی روسمیو نے 31، ٹام مورس نے 4، رابی فرائی لنک نے 2 ، کولن انگرام اور پریرا نے چھ چھ رنز اسکور کئے۔ ہدف کے تعاقب میں بنگال ٹائیگرز کی 4 وکٹیں گری یوں اس نے مقابلہ 6 وکٹوں سے جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کرلی۔